عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
بگوٹا//کولمبیا کی سربراہی میں 62 ممالک نے ڈرگ ڈیلرز کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے تاریخ کی سب سے بڑی ہیروئن کی کھیپ پکڑ کر منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والے نئے روٹ کا پتہ لگا لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کولمبیا نے 62 ممالک کے ساتھ ملکر دو ہفتوں پر مشتمل کومبنگ آپریشن کے دوران تاریخ کی سب سے پکڑی منشیات کی کھیپ پکڑی جسے 6 (semi-submersible vessels) ایسی کشتیوں میں چھپا کر لایا جا رہا تھا جو آدھی پانی کے اندر اور آدھی باہر ہوتی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پکڑی جانے والی منشیات کی کھیپ کا مجموعی وزن 1400 ٹن ہے جس میں 225 ٹن کوکین اور 1000 ٹن گانجھا شامل ہے ۔اتنی بڑی تعداد میں کوکین کے پکڑے جانے کو ڈرگ مافیا کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اقوام متحدہ کے اندازے کے مطابق دنیا میں سالانہ بنیادوں پر 2700 ٹن کوکین تیار کی جاتی ہے اور کولمبیا میں سالانہ بنیادوں پر پکڑی جانے والی ریکارڈ کوکین 670 ٹن ہے جو کہ 2022 میں پکڑی گئی تھی۔کولمبین نیوی کے انسداد منشیات یونٹ کے ڈائریکٹر کیپٹن مینوئل روڈریگوئز کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن بہت بڑی کامیابی ہے ، ہم نے ناصرف بہت سی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچا لیا بلکہ ڈرگ مافیا کے پاس 8 اعشاریہ 5 ارب ڈالر بھی پہنچنے سے روک لیے ۔