نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی جانب سے ہر اسمبلی حلقے کے لیے انتخابی منشور جاری
11 نئے وعدوں کا اضافہ، اجیت پوار نے بارامتی سے اور صوبائی صدر سنیل تٹکرے نے ممبئی سے کیا اعلان
لاڈکی بہین یوجنا بڑھا کر 2100 روپے، کسانوں کے لیے قرض معافی، دھان کسانوں کے لیے فی ایکڑ 25 ہزار روپے کا بونس، دو لاکھ پچاس ہزار نوکریاں، دیہی علاقوں میں 45 ہزار رابطہ سڑکوں کی تعمیر
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور صوبائی صدر ایم پی سنیل تٹکرے نے آج مہاراشٹر کے اسمبلی حلقوں کے لیے انتخابی منشور جاری کیا، جس میں 11 نئے وعدوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے اپنے تمام انتخابی حلقوں میں ایک ساتھ یہ منشور جاری کیا۔ بارامتی سے اجیت پوار، گوندیا سے قومی ورکنگ صدر ایم پی پرفل پٹیل، ناسک سے سینئر لیڈر وزیر چھگن بھجبل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شامل ہوئے، جبکہ صوبائی صدر سنیل تٹکرے نے ممبئی میں پریس کانفرنس کے ذریعے منشور جاری کیا۔ اس کے علاوہ مختلف انتخابی حلقوں کے امیدوار بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جڑے۔
منشور میں لاڈکی بہین یوجنا کی رقم بڑھا کر 2100 روپے کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کسانوں کے لیے قرض معافی اور دھان کسانوں کے لیے فی ایکڑ 25 ہزار روپے کا بونس دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ دو لاکھ پچاس ہزار نوکریاں اور دیہی علاقوں میں 45 ہزار رابطہ سڑکوں کی تعمیر کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔
اجیت پوار نے بارامتی انتخابی حلقے سے ریاست کا منشور جاری کیا۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے پہلی بار انتخابی حلقوں کے لحاظ سے پارٹی کا منشور جاری کیا ہے۔ اس موقع پر قومی صدر اجیت پوار نے کہا کہ حکومت بننے کے بعد 100 دنوں میں نیا مہاراشٹر کا وژن اعلان کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ایک لاکھ طلباء کو تربیت دے کر 10 ہزار ماہانہ اسٹیپنڈ دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ آنگن واڑی اور آشا ورکروں کو 15 ہزار روپے کا ماہانہ تنخواہ، سولر اور قابل تجدید توانائی کو ترجیح دیتے ہوئے بجلی کے بل میں 30 فیصد کی کمی کی جائے گی۔ ضروری اشیاء کی قیمتوں پر قابو پانے، بزرگ پنشن لینے والوں کو ماہانہ 2100 روپے جیسی تجاویز بھی کی گئی ہیں۔ مہا یوتی کے ذریعے پچھلے چار مہینوں میں تبدیلی لانے والی منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان منصوبوں کا محض اعلان ہی نہیں بلکہ مؤثر عمل درآمد بھی کیا گیا ہے، یہ بات سنیل تٹکرے نے پریس کانفرنس میں بتائی۔
سنیل تٹکرے نے بتایا کہ ان منصوبوں میں لاڈکی بہین یوجنا، 44 لاکھ کسانوں کو مفت بجلی، 52 لاکھ خاندانوں کو تین مفت گیس سلنڈر، اقتصادی طور پر کمزور طبقے کی بیٹیوں کو مفت تعلیم شامل ہے۔ ان منصوبوں کو ریاست کے مختلف حصوں سے بھرپور حمایت ملی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ تمام منصوبے خاندانوں، نوجوانوں اور خواتین کے لیے ایک بڑا سہارا بن رہی ہیں۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے تقریباً 36 صفحات پر مشتمل منشور جاری کیا ہے اور اس کے کوریج پیج پر ’مہاراشٹر وادی گھوشنا پتر‘ لکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اپنے انتخابی حلقوں میں ترقیاتی کاموں اور منشور کی معلومات کے لیے 9861717171 ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا گیا ہے۔
اس پریس کانفرنس میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی ترجمان برجموہن سریواستو، اسٹار پرچارک سایا جی شندے، خواتین صوبائی صدر روپالی چاکنکر، پارٹی کے خزانچی ایم ایل اے شیواجی راؤ گرجے، ریاستی ترجمان سنجے تٹکرے اور ممبئی ورکنگ صدر سدھارتھ کامبلے وغیرہ موجود تھے۔