محمد تسکین
بانہال//ابر آلود موسم کی وجہ سے وادی چناب کے علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا اور لوگوں نے گرم ملبوسات اور گرمی پہنچانے کے دیگر آلات کا استعمال کرنا شروع کر دیا۔ ہفتے کی سہ پہر بعد وادی چناب کے سنتھن ٹاپ ، مرگن ٹاپ اور پاڈر کی پہاڑیوں پر برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور پولیس نے مرگن اور سنتھن ٹاپ سے ٹریفک کی نقل و حرکت کو روک دیا ہے۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور ہزاروں کی تعداد میں مسافروں نے وادی کشمیر سے جموں کی طرف سڑک اور بانہال تک ریل کے ذریعے اپنا سفر کیا۔ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ ہفتے کی صبح ہی شاہراہ پر دونوں طرف سے ٹریفک چل رہا تھا اور سینکڑوں مسافر گاڑیوں نے جموں اور سرینگر کے علاوہ ریلوے سٹیشن بانہال سے جموں کا سفر کیا۔ انہوں نے کہا کہ رام بن کے کرول اور دیگر کئی مقامات کچھ وقت تک ٹریفک کی نقل و حرکت سست رہی تاہم بعد میں یہاں ٹریفک کو معمول کے مطابق رواں کیا گیا ۔