انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ انڈیا نے پاکستان آ کر چیمیئنز ٹرافی کھیلنے سے انکار کر دیا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ آئی سی سی نے اتوار کو بذریعہ ای میل پی سی بی کو مطلع کیا ہے۔
ان کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے تحریری طور پر آئی سی سی کو آگاہ کیا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ان کی ٹیم پاکستان نہیں آ سکے گی۔آیا یہ فیصلہ انڈین حکومت کی طرف سے کیا گیا یا اس کی کوئی وجہ بتائی گئی، اس بارے میں صورتحال غیر واضح ہے۔
دریں اثنا پی سی بی کے ترجمان کے مطابق اس پیشرفت کے حوالے سے حکومت پاکستان کو آگاہ کر دیا گیا ہے جو حتمی فیصلہ کر کے پی سی بی کو آگاہ کرے گی۔
اس حوالے سے تاحال بی سی سی آئی اور آئی سی سی نے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔
بی بی سی نے آئی سی سی کے ترجمان کو اس حوالے سے سوالات بھیجے ہیں تاہم اب تک ان کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان موخر
پی سی بی کے ایک سینیئر اہلکار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان 11 نومبر کو کیا جانا تھا تاہم اب اسے معطل کیا گیا ہے اور اس بارے میں کوئی بھی فیصلہ آئی سی سی کی جانب سے ہی کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ آئی سی سی کے کسی بھی ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان ٹورنامنٹ سے 100 روز قبل کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ میزبان ملک، براڈکاسٹرز سمیت دیگر فریقین کو تیاری کرنے کا موزوں وقت مل سکے۔
انڈیا نے آخری مرتبہ پاکستان میں کھیلے جانے والے سنہ 2008 کے ایشیا کپ میں شرکت کی تھی۔ انڈیا نے پاکستان میں سنہ 2006 میں آخری مرتبہ سیریز کھیلی تھی جس کے بعد سے پاکستان نے سنہ 2008 اور 2013 میں انڈیا کے دورے تو کیے لیکن انڈیا نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار ہی کیا۔
اس حوالے سے اب پاکستان کی حکومت کیا فیصلہ کرتی ہے اس بارے میں آئندہ چند روز کے دوران صورتحال واضح ہو جائے گی کہ آیا پاکستان ٹورنامنٹ گذشتہ برس کے ایشیا کپ کے طرح ’ہائبرڈ ماڈل‘ پر کھیلے گا یا کسی دوسرے آپشن پر غور کر سکتا ہے۔