شمالی اٹلی میں واقع ہوٹل نے اسرائیل سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کی ہوٹل بکنگ سے انکار کر دیا ہے۔ مینیجر نے بکنگ سے منع کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی عوام فلسطینیوں کی نسل کشی کے ذمہ دار ہیں۔اسرائیلی جوڑے نے آن لائن ہوٹل بکنگ کی سہولت ‘بکنگ ڈاٹ کام’ کا استعمال کرتے ہوئے سلیوا دی کیڈور میں واقع ہوٹل گارنی انگارو میں دو دن کے لیے بکنگ کی درخواست دی تھی۔
انہوں نے ہوٹل میں بکنگ کی یہ درخواست ماہ نومبر کے دو دن ڈولومائٹس میں گھرے ہوئے پہاڑی گاؤں میں گزارنے کے لیے کی تھی۔ تاہم سفر پر روانہ ہونے سے ایک دن پہلے انہیں ہوٹل سے پیغام موصول ہوا ‘صبح بخیر۔ آپ کو اطلاع دی جاتی ہے کہ نسل کشی کے ذمہ دار ہونے کے ناطے اسرائیلی عوام کو ہوٹل میں خوش آمدید نہیں کیا جاتا ہے۔’ ہوٹل مینیجر کی طرف سے آئے ہوئے پیغام میں مزید کہا گیا کہ ‘ہوٹل انہیں فری منسوخی کی سہولت دے رہا ہے۔’
دوسری جانب ہوٹل مینیجر نے اپنا فیس بک اکاؤنٹ بند کر دیا ہے ۔ نیز اس واقعے پر کسی تبصرے کے لیے دستیاب نہیں تھا۔وینس کی یہودی کمیونٹی کے صدر ڈاریو کلیمانی نے کہا ‘مجھے لوگوں کی لاعلمی پر دکھ ہے۔ جب آپ اسرائیل کے کاموں سے متفق نہیں ہیں تو آپ تمام اسرائیلیوں کے خلاف نفرت پھیلاتے ہیں۔ ‘
آن لائن پلیٹ فارم ‘بکنگ ڈاٹ کام’ نے جمعہ کو کہا ہے کہ اس واقعے کے بعد ہوٹل کو پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ہم کسی بھی طرح کی تفریق کو برداشت نہیں کریں گے۔ نیز اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
وینیٹو ریاست کے گورنر لوسا زائیا نے کہا کہ یہ انتہائی حساس معاملہ ہے۔ میں اس معاملے کی وجہ سے انتہائی پریشان ہوں اور میں حیران ہوں کہ یہ کیا ہوا ہے۔