November 18, 2024
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//موسمیاتی مرکز سرینگر نے پیر کو کہا کہ جموں و کشمیر میں خشک موسم جاری رہے گا اور 24 نومبر کو ہلکی بارش اور برف باری متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ18 سے 23 نومبر کی شام تک جموں و کشمیر میں عام طور پر خشک موسم کی توقع ہے۔ 23 نومبر کی دیر رات سے 24 نومبر کی دوپہر تک کشمیر ڈویژن میں بکھرے ہوئے مقامات اور جموں ڈویژن کے الگ تھلگ علاقوں میں اونچائی پر ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25 سے 30 نومبر تک، عام طور پر خشک موسم رہے گا۔محکمہ موسمیات کی ایک ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ “اگلے پانچ دنوں کے دوران کشمیر ڈویژن کے بہت سے سٹیشنوں اور جموں ڈویژن میں کچھ مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت میں 1-2 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے،” ۔سیاحوں، ٹریکروں اور مسافروں سے “انتظامی اور ٹریفک ایڈوائزری” پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں برف باری کا خطرہ ہے۔ادھر وادی کشمیر پر سردی نے اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے کیونکہ رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے تک پہنچ گیا ہے اور سرینگر شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 3 اور 2.6 ڈگری سیلسیس اور کپواڑہ میں رات کا درجہ حرارت 0.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری، کٹرہ 11.2، بٹوٹ 6.1، بانہال 8.2 اور بھدرواہ میں 3.6 درج کیا گیا۔