عشرت حسین بٹ
منڈی// ایس ایس پی پونچھ شفقت حسین نے ضلع پونچھ میں بطور ایس ایس پی چارج سنبھالنے کے بعد پہلی بار ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کا دورہ کر کے پولیس تھانہ منڈی میں سیول سوسائٹی منڈی کے ممبران کے ساتھ تعارفی اجلاس منعقد کیا جس میں منڈی کے متعدد معززین شریک ہوئے اس دوران سیول سوسائٹی کے ممبران نے ایس ایس پی پونچھ کا منڈی میں پہلی بار آنے پر خوش آمدید کیا۔ اس موقع پر سیول سوسائٹی کے ممبران نے ایس ایس پی کو منڈی تحصیل کے متعدد عوامی معاملات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ منڈی میں بھی کچھ سماج دشمن عناصر نوجوانوں کو نشے کی لت کی طرف لے جا رہے ہیں اگر چہ پولیس ان طاقتوں کے خلاف کارروائی بھی کر رہی ہے مگر اس کے باوجود بھی ان سماج دشمن عناصر لوگوں پر سخت کاروائی کرنے کی ضرورت ہے ۔ممبران نے کہا کہ منڈی تحصیل کی عوام محنت مزدوری کر کے اپنی زندگی گزار رہی ہے اور پولیس عوام کا بھی تال میل بہت اچھا ہے جسے مزید بہتر بنایا جانا چاہیے ۔ایس ایس پی پونچھ شفقت حسین نے اس موقع پر سیول سوسائٹی کے نمائندگان کو یقین دہانی کروائی کہ نشے کے حوالے سے پولیس ان تمام لوگوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے گی جو اس طرح کی وباء سماج میں پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بہت جلد منڈی میں پولیس کی جانب سے پبلک دربار منعقد کیا جائے گا جس میں منڈی تحصیل کے تمام ذمہ دار لوگوں کو مدعو کیا جائے گا اور عوامی مشکلات کو سنا جائے گا ان کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں پولیس پبلک تال میل کو مزید بہتر بنایا جائے گا جس سے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔