عاصف بٹ
کشتواڑ // محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ضلع کے بالائی علاقہ جات میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ سنیچر کی بعد دوپہر شروع ہوا۔تفصیلات کے مطابق سنیچر کی بعد دوپہر بالائی علاقوں میں برفباری کاسلسلہ شروع ہوا جو دیرگئےتک جاری تھا۔ ضلع کے دورافتادہ علاقہ سب ڈویژن مڑواہ کے واڑوون کے اوپری مقامات پر کئی انچ تازہ برفباری درج ہونے کی اطلاع ہےجس سے علاقے میں عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی ہے۔ وہیں مڑواہ اور دچھن کے بالائی علاقوں میں بھی ہلکی برفباری کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ضلع کے دیگر علاقہ جات کیشوان، کنتواڑہ، بونجواہ ،سروڑ، چھاترو ،چنگام کے بالائی مقامات پربھی تازہ برفباری کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ سب ڈویژن چھاترو سے ملی تفصیلات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں کئی انچ تازہ برفباری ہوئی جبکہ نچلے علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوئیں جسکے سبب عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اس دوران میدانی علاقوں میں جم کر بارشیں ہوئی ۔ قصبہ میں متعدد مقامات پر ناقص ڈرینج کے سبب سڑکوں پر گندا پانی جمع ہوگیا جس سے عوام کو چلنے میں سخت دشواریاں پیش آئیں۔موسم میں آئی تبدیلی کے سبب درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی درج ہوئی اور لوگوں نے دوبارہ سے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کیا۔ سنتھن و مرگن ٹاپ سڑکو ں پر تازہ برفباری کے سبب آمدورفت بند کردی گئی ہے۔ سنتھن ٹاپ پرچار انچ سے زاید برفباری ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے جبکہ مرگن ٹاپ پر بھی تین انچ تک برفباری کی اطلاع ہے۔ضلع کے بیشتر اندرونی سڑک رابطوں پر بلاخلل ٹریفک کی نقل و حرکت جاری ہے ۔ اخری اطلاع ملنے تک برفباری وبارشوں کا سلسلہ جاری تھا۔
[
[