November 18, 2024
مشتاق الاسلام
پلوامہ //پولیس نے پیر کے روز ترال علاقے میں ایل ای ٹی سے وابستہ ایک ملی ٹینٹ کو گرفتار کرنے اور اس کے قبضے سے اشتعال انگیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایک بیان میں، پولیس نے کہا کہ مخصوص انٹیلی جنس پر کارروائی کرتے ہوئے، اونتی پورہ پولیس نے42آر آر اور 180بٹالین سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر ایل ای ٹی سے وابستہ ایک ملی ٹینٹ کو تھانہ ترال کے گائوں پنگلش میں باغات سے گرفتار کیا۔ اس کی شناخت ارشاد احمد چوپان ولد عبد الرحمن چوپان ساکن لرگام ترال کے بطور ہوئی ہے۔ اس کے قبضے سے ایک پستول، 18 پستول کے رانڈز اور 02 میگزین سمیت اسلحہ اور گولہ بارود سمیت مجرمانہ مواد برآمد کیا گیا ۔پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ وہ جنوبی کشمیر رینج میں ملی ٹینسی سے متعلق کئی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔ وہ ایف آئی آر نمبر 114/2024 کے تحت 16 یو ایل اے پی ایکٹ 7/27 آئی اے ایکٹ کی دفعہ 16 اور تھانہ ترال کے 109 بی این ایس کے تحت ایک بیرونی مزدور نامی شوبم کمار ساکن بجنور یوپی پر فائرنگ سے متعلق درج مقدمہ 24/10/2024 میں ملوث تھا۔سیکورٹی فورسز نے شوپیان ضلع میں ملی ٹینٹوں کے ایک خفیہ ٹھکانے کا پردہ فاش کیا۔ پولیس نے پیر کو بتایا “مزاحمتی محاذ” تنظیم کے ٹھکانے کوشوپیان پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے شکرو کیلر کے جنگلات میں تباہ کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود اور اشیا جیسے کمبل، کھانے کی اشیاء اور ذاتی استعمال کی اشیاء، ٹرنک برآمد کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لئے بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے جو اس زیر زمین ٹھکانے کا استعمال کر رہے تھے۔