November 19, 2024
گاندھی نگر// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت گزشتہ 10 سالوں میں جموں و کشمیر، شمال مشرقی اور نکسل زدہ علاقوں میں تشدد کو 70 فیصد تک کم کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ راشٹریہ رکھشا یونیورسٹی میں 50ویں آل انڈیا پولیس سائنس کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ آنے والی دہائی بھارتی فوجداری انصاف کے نظام کو دنیا میں سب سے زیادہ سائنسی اور تیز ترین بنائے گی۔
انہوں نے کہا،”برسوں سے، تین علاقوں کو بہت پریشان سمجھا جاتا تھا -جن میں کشمیر، شمال مشرقی اور نکسلائیٹ سے متاثرہ علاقے شامل ہیں۔ ہم نے ان تینوں خطوں میں سیکورٹی کے حوالے سے نمایاں بہتری کی ہے۔ اس سے پہلے کی مدت سے پچھلے 10 سالوں کے اعداد و شمار کا موازنہ کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ ہم تشدد کو 70 فیصد تک کم کرنے میں کامیاب رہے ہیں‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ تین نئے فوجداری قوانین کے نفاذ کے ساتھ، ملک کے کسی بھی تھانے میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے اندراج کے تین سال کے اندر سپریم کورٹ سے لوگوں کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔
تین نئے فوجداری قوانین – بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس)، بھارتی شہری تحفظ سنہتا (بی این ایس ایس) اور بھارتیہ ساکشیہ ادھینیم (بی ایس اے) – برطانوی دور کے انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی)، کوڈ آف کریمنل پروسیجر (سی آر پی سی) اور انڈین ایویڈینس ایکٹ کی جگہ اس سال یکم جولائی سے نافذ ہوئے ہیں۔