November 18, 2024
عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع ترقیاتی کمشنر (ڈی ڈی سی) آفس کمپلیکس، راجوری کے کانفرنس ہال میں زلزلے اور لینڈ سلائیڈنگ کے منظر نامے کی نقل کرنے والی ایک فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا۔نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی 13 بٹالین کے ڈپٹی کمانڈنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ اس تقریب کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری راجیو کمار کھجوریہ نے کی۔اس موقع پر 13 بٹالین این ڈی آر ایف کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ پروین سنگھ نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اقدامات کے بارے میں ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے قدرتی اور انسانی ساختہ دونوں آفات کے لئے تیاری اور جوابی حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لئے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں اور ایسی آفات کے اثرات کو کم کرنے کے لئے موثر اقدامات پر عمل درآمد کریں۔ انہوں نے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بین محکمہ جاتی رابطہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔شرکاء نے ضلع میں آفات کی تیاری اور لچک کو بہتر بنانے کے بارے میں اپنی بصیرت اور تجاویز بھی شیئر کیں۔مشق میں چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) ڈاکٹر منوہر رانا نے شرکت کی۔