November 18, 2024
عظمیٰ نیوزسروس
ادھم پور// رام نگرادھم پور کے ایک مضافاتی گائوںمیں مبینہ قتل کی سنسنی خیز واردات میں ایک شخص نے کلہاڑی کے وار سے ساس کوموت کی نیندسلادیا جبکہ اپنی بیوی اور اس کی بہن کو زخمی کر دیا۔ پولیس حکام نے پیر کو بتایاکہ جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع میں خاندانی تنازعہ پر ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی ساس کو قتل کر دیا اور اپنی بیوی اورسالی کو شدید زخمی کر دیا۔حکام نے بتایا کہ سریش کمار نے اتوار کی رات رام نگر علاقے کے کیا گاؤں میں تینوں خواتین پر تیز دھار ہتھیار (کلہاڑی)سے حملہ کیا۔اُن کا کہنا تھا کہ ملزم سریش کمار اپنی ساس شانتی دیوی، بیوی للیتا اور سالی انجو دیوی کو خون میں لت پت چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ شانتی دیوی کو ایک اسپتال میں ڈ اکٹروں نے مردہ قرار دیا جبکہ 2 دیگر خواتین ملزم کی بیوی اورسالی کو خصوصی علاج کیلئے ضلع اسپتال ادھم پور منتقل کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مفرور ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ملزم کے برادرنسبتی راکیش نے بتایا کہ سریش کمار شراب کے نشے میں تھا ،جب وہ ان کے گھر آیا اور اپنی ساس کو کلہاڑی سے مارنے کے علاوہ اسکی بیوی اور اسکی بہن کو زخمی کر دیا۔ راکیش نے بتایا کہ اس کی بہن اور سریش کمار کی بیوی کا کچھ دن پہلے اسے کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا اور وہ اس پر واپس آنے کیلئے دباؤ ڈال رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ میری ماں کو قتل کرنے اور بہنوں کو زخمی کرنے پر اسے گرفتار کر کے مثالی سزا دی جائے۔