نئی دہلی: امریکہ نے اڈانی گروپ کے سربراہ گوتم اڈانی اور اس کے کچھ سینئر ایگزیکٹونز کے خلاف امریکی سرمایہ کاروں اور عالمی مالیاتی اداروں سے ‘جھوٹے اور گمراہ کن’ حقائق کی بنیاد پر فنڈ اکٹھا کرنے کے لیے اربوں ڈالر کی اسکیم میں اس کے مبینہ رول پرامریکہ کی ایک عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔
رشوت خوری اور دھوکہ دہی کا الزام لگانے والی پانچ گنتی کی مجرمانہ فرد جرم کو بروکلین کی ایک وفاقی عدالت میں نیو یارک کے مشرقی ضلع کے پراسیکیوٹر نے پڑھ کر سنایا۔
‘یواین آئی’ نے ان مبینہ الزامات پر اڈانی گروپ سے جواب طلب کرنے کے لیے ایک سوال بھیجا ہے جس کے جواب کا انتظار ہے۔ دریں اثنا، اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے شیئرز جمعرات کی صبح بی ایس ای میں 20 فیصد تک گر کر 2256.20 روپے فی شیئر پرآ گئے۔
بروکلین کی ایک عدالت میں دائر فرد جرم کے مطابق2020 اور 2024 کے درمیان مدعا علیہان نے ہندوستان میں حکومت کے ساتھ شمسی توانائی کی فراہمی کے منافع بخش معاہدے حاصل کرنے کے لیے سرکاری اہلکاروں کو 250 ملین ڈالر سے زیادہ کی رشوت دینے پر اتفاق کیاتھا۔ کمپنی کو تقریباً 20 سال کے عرصے میں ٹیکس کے بعد 2 بلین ڈالر سے زیادہ کے منافع کی توقع تھی۔
اڈانی گروپ کے خلاف دائر الزامات میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی کمپنی نے اپنی رشوت ستانی کی اسکیم کے بارے میں امریکی سرمایہ کاروں کو اندھیرے میں رکھ کر بینکوں اور سرمایہ کاروں سے جھوٹ بول کر اربوں ڈالر اکٹھے کیے جو کہ امریکی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
نیو یارک کے مشرقی ضلع کے لئے ریاستہائے متحدہ کے اٹارنی کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ ایک میڈیا ریلیز میں کہا گیا ہے- "کئی مواقع پرگوتم ایس اڈانی نے رشوت ستانی کی اسکیم کو آگے بڑھانے کے لیے اڈانی نے ذاتی طور پر ہندوستانی حکومت کے ایک افسر سے ملاقات کی اور مدعا علیہان نے اس پر عمل درآمد کے پہلوؤں پر بات کرنے کے لیے ایک دوسرے سے انفرادی ملاقات کی۔ مدعا علیہان نے رشوت کی اسکیم کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی کوششوں کیلئے جس میں الیکٹرانک میسجنگ ایپلی کیشنز کے ذریعےاکثر تبادلہ خیال کیا”۔
نیو یارک کے مشرقی ضلع کے اٹارنی برائن پیس نے کہا-"جیسا کہ الزام لگایا گیا ہے مدعا علیہان نے اربوں ڈالر کے ٹھیکے حاصل کرنے کے لیے ہندوستانی سرکاری اہلکاروں کو رشوت دینے کے لیے ایک وسیع اسکیم ترتیب دی، اور گوتم ایس اڈانی، ساگر آر اڈانی اور ونیت ایس جین نے رشوت ستانی کی اسکیم کے بارے میں جھوٹ بولا کیونکہ وہ امریکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے سرمایہ اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔”
"یہ جرائم مبینہ طور پر سینئر افسران اور ڈائریکٹرز نے امریکی سرمایہ کاروں کی قیمت پر بدعنوانی اور دھوکہ دہی کے ذریعے بڑے پیمانے پر ریاستی توانائی کی فراہمی کے معاہدوں کو حاصل کرنے اور ان کی مالی اعانت کے لیے کیے تھے۔”
انہوں نے فرد جرم پڑھنے کے بعد کہا-"امریکی فوجداری تحقیقات کا ڈویژن دنیا میں جہاں کہیں بھی ہوتا ہے، بدعنوان، دھوکہ دہی اور رکاوٹ ڈالنے والے طرز عمل کے خلاف جارحانہ طور پر مقدمہ چلانا جاری رکھے گا۔”
فردِ جرم میں گوتم اڈانی، ساگر اڈانی اوراڈانی گروپ کے دیگر ایگزیکٹو ز پر”جھوٹے اور گمراہ کن” بیانات پر مبنی فنڈز حاصل کرنے کے لیے ایک ارب ڈالر کی اسکیم میں’اہم سکیورٹیز فراڈ’ کاارتکاب اور’ الیکٹرانک کمیونیکیشن پیغام کے ذریعہ دھوکہ دھڑی کرنے کی سازش’ کا الزام لگایا گیا ہے۔
حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی نے کاروباری گروپ کے معاملات کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) سے تحقیقات کے اپنے مطالبے کو یک بار پھر دہرایا ہے۔