زعفران کی اراضی پرغیرقانونی ڈمپنگ | میونسپل کمیٹی پانپورپر3کروڑروپے جرمانہ

6 days ago 2

November 16, 2024

مشتاق اسلام

پلوامہ//میونسپل کمیٹی پانپور کی جانب سے زعفران اراضی پر غیر قانونی طور پر ڈمپنگ سائٹ قائم کرنے کا معاملہ سنگین رخ اختیار کر گیا ہے۔ پولیوشن کنٹرول بورڈپلوامہ نے اس غیر قانونی سرگرمی پر 3 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام علاقے کی زرعی زمین پر آلودگی کے اثرات اور ماحولیاتی نظام کی تباہی کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر پلوامہ لطیف احمد بٹ نے میونسپل کمیٹی پانپور پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے زعفران اراضی کو ایک کوڑے دان میں تبدیل کر دیا ہے۔ اس غیر قانونی ڈمپنگ کی وجہ سے نہ صرف مقامی ماحولیاتی نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے، بلکہ علاقے میں آلودگی کی سطح بھی بڑھ گئی ہے۔ زعفران اراضی جو اپنی زرعی اہمیت کے لیے مشہور ہے، اب گالندر میں قائم کوڑے کی ڈمپنگ کی وجہ سے آلودگی کا شکار ہو چکی ہے۔پولیوشن کنٹرول بورڈپلوامہ کے ضلع افسر بلال احمد خان نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمیٹی کی غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے زمینی اور فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا ہے، جو نہ صرف مقامی آبادی کی صحت کے لیے خطرہ ہے، بلکہ اس سے زعفران کی پیداوار پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ یہ معاملہ انتہائی سنگین نوعیت کا ہے، اس لیے فوری طور پرمیونسپل کمیٹی پانپور پر 3 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور ساتھ ہی حکم دیا گیا ہے کہ غیر قانونی ڈمپنگ سائٹ کو فوراً ختم کیا جائے۔بلال احمد خان نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرمیونسپل کمیٹی اس فیصلے پر عملدرآمد نہیں کرتی تو مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ مقامی آبادی اور ماحولیاتی تحفظ کے مفاد میں لیا گیا ہے تاکہ آلودگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔مقامی کسانوں اور ماحول دوست کارکنوں نے پولیوشن کنٹرول بورڈ پلوامہ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ زعفران اراضی کی مزید حفاظت کے لیے سخت قوانین نافذ کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس زمین کی زرعی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کو اس کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہیے تاکہ آلودگی سے بچا جا سکے۔ادھر بی جے پی کے سینئر رہنما اور ضلع صدر پلوامہ، لطیف احمد بٹ نے پولیوشن کنٹرول بورڈ کے اس فیصلے کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتیں اور ماحول کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات ضروری ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ گالندر پانپور میں زعفران اراضی پر ڈمپنگ سائٹ قائم کرنے کے خلاف مقامی افراد اور کسانوں نے متعدد بار احتجاج کیا ہے۔ یہ مسئلہ اب تک متعدد بار مقامی سطح پر اٹھایا جا چکا ہے، اور حکومت سے درخواست کی جا رہی تھی کہ اس کی فوری روک تھام کی جائے۔اس فیصلے کے بعد، ماحولیاتی تنظیموں اور مقامی افراد نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت اس مسئلے کو مزید سنجیدگی سے لے گی اور آلودگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرے گی۔

*** Disclaimer: This Article is auto-aggregated by a Rss Api Program and has not been created or edited by Nandigram Times

(Note: This is an unedited and auto-generated story from Syndicated News Rss Api. News.nandigramtimes.com Staff may not have modified or edited the content body.

Please visit the Source Website that deserves the credit and responsibility for creating this content.)

Watch Live | Source Article