November 17, 2024November 17, 2024
کرناہ// کشمیر اور سنٹرل یونیورسٹیوں کے سابق وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر عبد الواحد قریشی، گزشتہ رات تین بجے کے قریب صورہ ہسپتال، سرینگر میں انتقال کر گئے۔
مرحوم عالمی شہرت یافتہ شخصیت تھے اور اپنی سادگی و انسانیت پسندی کے لئے مشہور تھے۔ ان کے انتقال سے تعلیم کے شعبے کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق رات دو بجے کے قریب انہیں اچانک سینے میں درد محسوس ہوا، جس کے بعد انہیں درگاہ سے فوری طور پر صورہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ لیکن، رات کے تین بجے کے قریب ان کی روح قفسِ عنصری سے پرواز کر گئی۔ مرحوم کو ان کے آبائی علاقے کنڈی، کرناہ لے جایا جا رہا ہے جہاں ان کا نماز جنازہ ادا کیا جائے گا۔
قاضی عبد الواحد قریشی نے اپنی ابتدائی تعلیم ایسے وقت میں حاصل کی جب کرناہ میں تعلیمی سہولیات نہ ہونے کے برابر تھیں۔ انہوں نے 1962 میں ہائی اسکول کنڈی کرناہ سے دسویں جماعت کا امتحان اول درجہ میں پاس کیا اور پھر بارہویں جماعت بھی اسی سکول سے مکمل کی۔ اعلیٰ تعلیم کے لئے وہ سرینگر پہنچے جہاں ایس پی کالج سے گریجویشن کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم اے اکنامکس کی ڈگری حاصل کی۔ کچھ عرصہ بطور لیکچرار خدمات انجام دینے کے بعد انہوں نے پی ایچ ڈی مکمل کی۔
پروفیسر قریشی 1987 میں کشمیر یونیورسٹی میں شمولیت اختیار کی اور کئی اہم عہدوں پر فائز رہے۔ وہ 2004 سے 2007 تک کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے پر فائز رہے اور 2009 میں حکومت نے ان کی بہترین کارکردگی کے اعتراف میں انہیں سنٹرل یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا۔ ان کی رحلت سے علم و تعلیم کے شعبے میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے، جسے پُر کرنا مشکل ہے۔