November 19, 2024
سرینگر// پیپلز کانفرنس کے صدر اور ہندواڑہ کے رکن اسمبلی سجاد غنی لون نے منگل کو جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس حکومت پر بجلی کے بلوں میں غیر معمولی اضافے کے معاملے پر شدید تنقید کی ہے۔
سجاد لون نے الزام عائد کیا کہ بجلی کے بلوں میں تقریباً 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور حکمران جماعت پر “بجلی کا بحران” پیدا کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ “مختلف دیہات سے موصول ہونے والی فون کالز میں بجلی کے بلوں میں 50 فیصد اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ میں بھی الجھن میں ہوں – انہوں نے بجلی کے ٹیرف کم کرنے کا وعدہ کیا تھا یا انہیں بڑھانے کا؟”۔
انہوں نے نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت پر “پرانی سیاسی چالاکیوں” کا الزام لگایا اور کہا کہ یہ محض انتخابی ہتھکنڈے ہیں۔
سجاد لون نے وضاحت کرتے ہوئے کہا، “فرض کریں ایک گھرانہ بجلی بل کی مد میں 100 روپے ادا کرتا ہے۔ اسے 50 روپے کرنے کے بجائے جیسا کہ وعدہ کیا گیا تھا، وہ اسے 200 روپے تک بڑھاتے ہیں اور پھر 50 روپے معاف کر دیتے ہیں۔ نتیجتاً صارف کو اب بھی 150 روپے ادا کرنے پڑتے ہیں، جو کہ انتخابات سے پہلے کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہے۔ یہ ریلیف نہیں بلکہ دھوکہ ہے۔ یقین کریں، اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو مجھے حیرانی نہیں ہو گی”۔
سجاد لون نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پر زور دیا کہ وہ فوری کارروائی کرے اور “بلاجواز اور غیر منصفانہ” ٹیرف میں اضافے کو روکے۔