November 16, 2024
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے قومی شاہراہ اور یو ٹی کے ممتاز سیاحتی مقامات کی طرف جانے والی سڑکوں کے ساتھ راستے کے کنارے سہولیات اور دستیابی کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ سیاحوں کی سہولت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے بڑے سیاحتی راستوں پر بیت الخلاء کی سہولیات کی دستیابی کا جائیزہ لیا ۔ کمشنر سیکرٹری سیاحت یشا مدگل نے انہیں رواں مالی سال کے دوران موبائل اور بائیو ٹوائلٹس کی تعمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا ( این ایچ اے آئی ) ، نیشنل ہائی ویز اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ( این ایچ آئی ڈی سی ایل ) جیسی ایجنسیوں سے کہا کہ وہ راستے کی سہولیات کے قیام اور اسے برقرار رکھنے کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کریں ۔ چیف سیکرٹری نے این ایچ حکام سے ان کے موجودہ مینڈیٹ اور ان سہولیات کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی اپ ڈیٹس طلب کیں ۔ انہوں نے ان ضروری سہولیات کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے تیز رفتار کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ میٹنگ میں یونین ٹیر ٹیری میں مختلف ترقیاتی اتھارٹیز کے کام کاج پر بھی غور کیا گیا ۔ انتظامی کارکردگی کو بڑھانے کیلئے چیف سیکرٹری نے تمام اہم سیاحتی مقامات کیلئے مضبوط ، خود کفیل گورننگ باڈیز کے قیام پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں کو موثر حکمرانی ، تنظیم اور طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانا چاہئیے ۔ ان کی حکمرانی کیلئے ایک فریم ورک بھی وضع کرنے کی تجویز دی گئی۔میٹنگ میں زراعت کی پیداوار اور جنگلات کے پرنسپل سیکرٹری ، پرنسپل سیکرٹری فائنانس ، کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی ، کمشنر سیکرٹری ایچ یو ڈی ڈی ، سیکرٹری پی ڈبلیو ( آر اینڈ بی ) ، جموں اور کشمیر کے ڈویژنل کمشنروں کے علاوہ این ایچ اے آئی کے افسران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔