صحت کی مختلف سہولیات میں صرف 71فیصد ڈاکٹر دستیاب

1 day ago 2

عظمیٰ نیوزسروس

جموں//چیف سیکرٹری اَتل ڈلو نے محکمہ صحت و طبی تعلیم کی ایک میٹنگ منعقدکی جس میں اُن بلاکوں کی نشاندہی کرنا مطلوب تھی جہاں ڈاکٹروں کی شدید کمی کا سامنا ہے تاکہ اس مسئلے کو حل کرنے کے طریقوں پر غور وخوض کیا جاسکے۔میٹنگ میں سیکرٹری صحت و طبی تعلیم محکمہ کے علاوہ ایم ڈی صحت و طبی تعلیم ،میڈیکل کالجوں کے پرنسپل ،ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر و جموں، ڈائریکٹر آیوش اور محکمہ کے دیگر متعلقہ اَفسران نے بھی شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے سب سے پہلے درجہ بندی کی ہر سطح پر عملے کی دستیابی اور اس کی طاقت کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد اُنہوں نے مضافاتی اضلاع کے بلاکوں کی جانچ پڑتال کی جنہیں وہاں ڈاکٹروں کی دستیابی کے لحاظ سے شدید کمی کا سامنا ہے۔اُنہوں نے اِس معاملے پر مزید غور و خوض کرتے ہوئے کہا کہ اِس خلا کو پُر کرنے کے لئے متعدد اَقدامات اُٹھائے جانے چاہئیں۔ اُنہوں نے نوجوان پیشہ ور اَفراد کو جموںوکشمیر یوٹی کے دُور دراز او ردُور اُفتاد ہ علاقوں میں خدمات اَنجام دینے کی ترغیب دینے کے لئے روڈ میپ تیار کرنے کا مشورہ دیا۔اَتل ڈلونے مزید کہا کہ ایسے طبی پیشہ ور اَفراد کو نان پریکٹسنگ الاؤنس (این پی اے) جیسی کچھ مراعات دینے کے لئے ایسے دنوں کی بنیاد پر اہتمام کیا جائے جب وہ ایسے دُور دراز علاقوں میں اَپنی ڈیوٹی پر حاضر ہوتے ہیں۔اُنہوںنے ان علاقوں میں خدمات انجام دینے کے لئے اضافی حوصلہ اَفزا قوتوں کے طور پر انہیں دیگر سہولیات اور فوائد فراہم کرنے کا بھی سپورٹ کیا۔ اُنہوں نے اُن پر زور دیا کہ وہ ان طبی سہولیات میں ٹیلی میڈیسن کیوسک کے قیام پر توجہ دیں تاکہ لوگ متعلقہ ضلعی ہسپتالوں یا قریبی میڈیکل کالجوں سے صحت سے متعلق ضروری مشورے حاصل کرسکیں۔اَتل ڈلو نے محکمہ کو ڈِسٹرکٹ ریذیڈنسی پروگرام (ڈِی آر پی) کو معقول بنانے کی کی تاکید کی تاکہ ہر ضلع میں مطلوبہ تعداد میں ڈاکٹر دستیاب ہوں۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے جموں و کشمیر کے دُور دراز بلاکوں کے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتالوں میں اِس طرح کے رہائشی پروگرام شروع کرنے کی وکالت کی۔اِس موقعہ پرسیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے صحت کی زیادہ تر سہولیات میں کنسلٹنٹوں اور میڈیکل اَفسروں کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ کے بعض اَقدامات کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کے دُور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کی عدم دستیابی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے محکمہ کے مختلف اَقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے بتایا کہ اس وقت جموںوکشمیر یوٹی میں صحت کی مختلف سہولیات میں مجموعی طور پر 71فیصد ڈاکٹر دستیاب ہیں اور منظور شدہ استعداد کے مطابق کنسلٹنٹوں، میڈیکل اَفسران اور ڈینٹل سرجنوں کی اچھی تعداد موجود ہے۔میٹنگ یہ بھی جانکاری دی گئی کہ محکمہ چیف سیکرٹری کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل در آمد کرنے جارہا ہے تاکہ آنے والے وقت میں جموںوکشمیر یوٹی کے دُور اُفتادہ اوردور دراز بلاکوں میں طبی سہولیت و خدمات آسانی سے فراہم کی جاسکے۔

*** Disclaimer: This Article is auto-aggregated by a Rss Api Program and has not been created or edited by Nandigram Times

(Note: This is an unedited and auto-generated story from Syndicated News Rss Api. News.nandigramtimes.com Staff may not have modified or edited the content body.

Please visit the Source Website that deserves the credit and responsibility for creating this content.)

Watch Live | Source Article