عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر انتظامیہ نے ملی ٹینٹوں سے روابط کے پاداش میں مزید 2 ملازمین کو ان کی خدمات سے برطرف کر دیا ہے، جن میں ایک استاد اور ایک فارماسسٹ شامل ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ہندوستانی آئین کے آرٹیکل 311 کے تحت کی گئی ہے۔ان ملازمین میں ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں فارماسسٹ عبدالرحمان نائیکو ولد محمد احسن نائیکو ساکن قصبہ دیوسر کولگام اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں ٹیچر ظہیر عباس ولد ارشاد احمد ساکن بڈھات سرور کشتواڑشامل ہیں۔ حالیہ مہینوں میں، لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت والی انتظامیہ نے کئی سرکاری ملازمین کو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دہشت گردی کے تعلق سے برطرف کر دیا ہے۔