November 16, 2024
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مقامی تاجروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر ممبر اسمبلی لالچوک احسان پردیسی نے ہفتہ کو ہری سنگھ ہائی اسٹرئٹ سے پولو ویو تک تجارتی مراکز کا دورہ کیا۔انہوںنے مقامی تاجروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کو سنا۔ دورے کے دوران لالہ رخ ہوٹل کے عقب میں واقع ہے آر ٹی سی یارڈ کو تاجروں نے کمرشل ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ بازار میں گاہکوں کی تعداد بڑھ سکے اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو۔ دیسی نے اس تجویز پر غور کرنے اور اس کی ترقی کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کا وعدہ کیا۔ان کے ہمراہ کئی بازاروں کے صدور جن میں مولانا آزاد روڈ ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے صدر بشیر احمد کنگپوش، سینٹرل لال چوک ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر بلال احمدڈار اور شیراز احمد میر کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔فریقین نے مل کر کام کرنے اور تجارتی مرکز کی بہتری کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ تاجروں کی جانب سے اس دورے کو ایک مثبت قدم سمجھا جا رہا ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ ان کے مسائل جلد حل ہوں گے اور لالچوک کا تجارتی مرکز مزید ترقی کریگا۔