مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: ’عوام اس بار تبدیلی کے موڈ میں ہیں‘، شرد پوار کا دعویٰ

2 weeks ago 1

Last updated نومبر 8, 2024

ممبئی: 7/ نومبر ( ایجنسیز)مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کی مہم جائی زور و شور سے جاری ہے اور تمام سیاسی پارٹیاں اپنے آپ کو بہتر ثابت کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ اس دوران نیشنلسٹ کانگریس پارٹی – شرد چندر پوار(این سی پی-ایس پی) کے صدر شرد پوار نے اپنے اتحادی مہا وکاس اگھاڑی کی فتح کا یقین ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ حکومت سے مایوس ہیں اور تبدیلی کے خواہاں ہیں۔شرد پوار نے یہ بیان ناگپور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران دیا۔

اس موقع پر انہوں نے مہا وکاس اگھاڑی کی خوبیاں اور مخالفین کی کمزوریاں بیان کیں۔ پوار نے کہا کہ ہماری انتخابی مہم بہترین انداز میں جاری ہے اور اتحادی جماعتیں جیسے کانگریس اور شیو سینا (یو بی ٹی) بھی موثر طریقہ سے مہم چلا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہو چکے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں۔

شرد پوار نے مزید کہا کہ وہ عوام سے براہ راست رابطہ کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور اسی لیے وہ ناگپور سے ہنگن گھاٹ جائیں گے تاکہ وہاں لوگوں سے گفتگو کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ 18 تاریخ تک مسلسل انتخابی مہم جاری رکھیں گے اور عوام کو اپنی پالیسیوں سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتیںانتخابات میں جوش و خروش کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے ریاست میں جاری ریزرویشن اور ذات پر مبنی مردم شماری کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

پوار نے کہا کہ وہ تین سال سے اس مردم شماری کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ ریاست کی موجودہ حالت کو سمجھا جا سکے۔ پوار سے جب یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے متنازعہ بیان پر سوال کیا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے خاموشی اختیار کر لی۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر میں 20 نومبر کو ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی اور نتائج 23 نومبر کو ظاہر کیے جائیں گے۔

*** Disclaimer: This Article is auto-aggregated by a Rss Api Program and has not been created or edited by Nandigram Times

(Note: This is an unedited and auto-generated story from Syndicated News Rss Api. News.nandigramtimes.com Staff may not have modified or edited the content body.

Please visit the Source Website that deserves the credit and responsibility for creating this content.)

Watch Live | Source Article