Last updated نومبر 10, 2024
ممبئی: مہاراشٹر کی جامع ترقی کے لیے مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) نے ’مہاراشٹر نامہ‘ کے عنوان سے آج اپنا انتخابی منشور جاری کیا۔ اس کی رونمائی کی تقریب ممبئی کے مشہور ہوٹل ٹرائیڈنٹ میں ہوئی، جس میں ایم وی اے کے تمام بڑے لیڈر موجود تھے۔ اس تقریب میں عوام کو مہاراشٹر کے بہتر مستقبل کا ایک واضح خاکہ پیش کیا گیا، جس کے ذریعے نہ صرف ریاست کے ترقیاتی منصوبے بلکہ مہاراشٹر کی فلاحی اسکیمات پر بھی تفصیلی بات کی گئی۔ منشور میں خاص طور پر خواتین، کسانوں، نوجوانوں اور سماج کے ہر طبقے کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
منشور میں کہا گیا ہے کہ ایم وی اے کی حکومت آنے کے بعد خواتین کو سالانہ 5 سو روپے میں 6 گیس سلنڈر فراہم کیے جائیں گے۔ معاشرتی سطح پر خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کو روکنے کے لیے ایک خصوصی قانون ’شکتی قانون‘ متعارف کرایا جائے گا۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 100 یونٹ مفت بجلی دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ایک نئے صنعتی پالیسی کے تحت روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو بہتر مواقع مل سکیں۔
سرکاری محکموں میں ڈھائی لاکھ خالی اسامیوں کو پُر کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔ یہ بھرتیاں ایم پی ایس سی کے ذریعے ہوں گی اور کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کی پالیسی کو ختم کیا جائے گا۔ مہاراشٹر کے مسلمانوں کے لیے تعلیم، روزگار اور صحت کے شعبوں میں خصوصی اسکیمات کا اعلان بھی اس منشور کا حصہ ہے تاکہ ان کے معاشی و سماجی حالات کو بہتر بنایا جا سکے۔ ایم وی اے کے منشور میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ مہاراشٹر میں ترقی کے نئے باب کھولے جائیں گے، جس سے کسان، مزدور، نوجوان اور اقلیتی طبقہ مستفید ہوگا۔
کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابی مہم مہاراشٹر کی تاریخ کو بدلنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور اس کی اتحادی حکومت نے عوام کے مسائل کو نظر انداز کر دیا ہے اور اب عوام کو ایک تبدیلی کی ضرورت ہے۔ یہ منشور مہاراشٹر کے ہر شہری کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔ انہوں نے مہاراشٹر کے مسلمانوں سمیت تمام اقلیتی طبقے کے لوگوں کے مسائل پر توجہ دینے کا یقین دلایا اور کہا کہ ایم وی اے کی حکومت سماجی انصاف اور مساوات کے اصولوں پر عمل پیرا ہوگی۔
ملکارجن کھڑگے نے مزید کہا کہ بی جے پی کی موجودہ حکومت نے معاشی بدحالی اور بے روزگاری میں اضافہ کیا ہے اور عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبا دیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کی حکومت پر مسلمانوں کے حقوق کو نظرانداز کرنے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ ایم وی اے ان تمام مسائل کا حل نکالے گی۔ کھڑگے نے کہا کہ ہاراشٹر کے عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں اور ایم وی اے کی حکومت وہ تبدیلی لے کر آئے گی۔
کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کسانوں کے مسائل، مہنگائی اور خواتین کی حالت زار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کسانوں کی فلاح و بہبود کو نظر انداز کیا ہے اور اب انتخابات کے قریب آ کر قرض معافی کے وعدے کر رہی ہے۔ شیو سینا کے رہنما سنجے راؤت نے اس موقع پر کہا کہ مہاراشٹر کبھی بھی بی جے پی کی غلامی قبول نہیں کرے گا اور یہ منشور ہماری ریاست کے فخر کی علامت ہے۔
منشور کے اجرا کی اس اہم تقریب میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کے ساتھ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال، مہاراشٹر کانگریس کے انچارج رمیش چینیتھلا، کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے، کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالا صاحب تھورات، راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اویناش پانڈے، رکن پارلیمنٹ ابھیشیک منو سنگھوی، اے آئی سی سی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا، سیکریٹری بی ایم سندیپ، وار روم کے انچارج وامشی ریڈی، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر ناصر حسین، ممبئی کانگریس کی صدر رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی رکن پارلیمنٹ سپریا سلے، وندنا چوہان، شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت، اروِند ساونت، کانگریس کے نائب صدر نانا گاونڈے اور کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈھے موجود تھے۔