جاوید اقبال
مینڈھر //پونچھ ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن کے ایک گاؤں سے برآمد ہونے والے مشتبہ باکس کے اندر کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں ملا اور اس کے بجائے پٹاخے اور کچھ دیگر بیکار مواد باکس کے اندر پیک کیا گیا تھا جس کے بارے میں ابتدائی طور پر شبہ تھا کہ یہ ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلہ ہے۔پولیس نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف شرارت کا مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔یہ برآمدگی جمعرات کی شام پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن کے علاقے چھجلہ میں اس وقت کی گئی جب سیکورٹی فورسز کو اس علاقے میں ایک سڑک کے کلوٹ کے نیچے سے ایک مشتبہ باکس ملا، جو برتنوں کے آئی ای ڈی جیسا نظر آتا ہے۔سرکاری بیان میں پولیس نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کومینڈھر سب ڈویژن کے چھجلہ علاقے میں ایک مشکوک باکس کے دیکھے جانے کے بعد الرٹ کر دیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ پونچھ پولیس کی طرف سے باکس کی جانچ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ باکس میں پٹاخے ہیں۔پولیس نے کہا کہ پولیس سٹیشن مینڈھر کی ایف آئی آر نمبر 223/2024 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت شرارت کی کارروائیوں کے تحت درج کی گئی ہے، پولیس نے کہا کہ آئی ای ڈی جیسا مواد غیر دھماکہ خیز نوعیت کا ہے اور خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش ہے۔علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کرنے والے مجرم کی شناخت کے لئے تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے مزید کہا کہ اس شرارتی فعل اور اس فعل کے پیچھے سماج دشمن عناصر کا پردہ فاش کرنے کی تمام کوششیں کی جارہی ہیں۔پولیس نے مکینوں پر بھی تاکید کی کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا چیز کی اطلاع قریبی حکام کو دیں۔پولیس نے کہا کہ کمیونٹی کی حفاظت پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی اولین ترجیح ہے۔