نائب وزیر اعلیٰ کا پی ڈبلیو ڈی دفتر جموں کا اچانک معائنہ

1 day ago 2

سریندرچودھری برہم ،گاندھی نگر ہسپتال کابھی معائینہ کیا

جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے چیف اِنجینئرپی ڈبلیو ڈی( آر اینڈ بی) جموں کے دفتر اور گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر کا اچانک معائینہ کیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے وہاں موجود عملے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت لوگوں کو عوامی خدمات کی تیز تر اور پریشانی کے بغیر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگوں کو اِن کے لئے دِی گئی سہولیات سے اِستفادہ کرتے ہوئے کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ صحت سے متعلق پالیسیوں کے فوائد اُنہیںبغیر کسی رُکاوٹ کے فراہم کئے جائیں۔قابل ذکر ہے کہ جب انہوں نے جموں میں چیف انجینئر پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ دفتر کا اچانک معائنہ کیاتو وہاںتقریباً 70فیصد عملے کو ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا۔نائب وزیر اعلیٰ نے اس صورتحال پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ دفتر میں موجود عملے نے ملازمین کی غیر حاضری کے بارے میں ان سے جھوٹ بولنے کی کوشش کی، جو کہ ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا “یہ ناقابل قبول ہے کہ ڈیوٹی پر موجود کچھ ملازمین نے مجھ سے اس صورتحال کے بارے میں جھوٹ بولا۔ اسی لیے ذمہ داروں کو معطل کر دیا گیا ہے‘‘۔نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ چیف انجینئر کو سیکریٹریٹ طلب کر کے وضاحت دینے کا حکم دیا ہے۔معائنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا’’ہم عوام کے نمائندے ہیں، اور عوام نے ہمیں منتخب کیا ہے۔ پرانے دور کا اختتام ہو چکا ہے، اب عوام کی حکومت اور جمہوریت کا دور ہے ‘‘۔نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ مختلف سرکاری دفاتر میں ایسے اچانک معائنے جاری رہیں گے تاکہ جوابدہی اور کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا’’لگتا ہے کہ ہمیں ہر دفتر جانا پڑے گا‘‘ اشارہ دیتے ہوئے کہ وہ فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف سخت رویہ اپنائیں گے۔ بعد ازاں، متعدد وفود سول سیکرٹریٹ میں نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقی ہوئے اور اُنہیں اَپنے مسائل سے آگاہ کیا۔سیکرٹریٹ ملازمین کے ایک وفد نے خدمات سے متعلق متعدد مسائل اُٹھائے اور ان کے اَزالے کا مطالبہ کیا۔ پی ایم پیکیج کے اُمیدواروں کی ڈیپوٹیشن نے زُمرہ کی اَسامیوں کی ڈِی ریزرویشن کے مسئلے کو اُجاگر کیا۔اِسی طرح رام بن، راجوری، ڈوڈہ اور کٹھوعہ کے وفود نے اَپنے اَپنے علاقوں کی ترقی سے متعلق مسائل کو پیش کئے۔نائب وزیر اعلیٰ نے وفود کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ اُن کی طرف سے پیش کئے گئے مسائل کو بروقت اور مناسب حل کے لئے دیکھا جائے گا۔

*** Disclaimer: This Article is auto-aggregated by a Rss Api Program and has not been created or edited by Nandigram Times

(Note: This is an unedited and auto-generated story from Syndicated News Rss Api. News.nandigramtimes.com Staff may not have modified or edited the content body.

Please visit the Source Website that deserves the credit and responsibility for creating this content.)

Watch Live | Source Article