ممبئی:11؍نومبر ( ورقِ تازہ نیوز) ناندیڑ اسمبلی حلقہ شمال کے انتخاب میں آزاد اُمیدوار محترمہ سنگیتا وٹھل پاٹل کی انتخابی تشہیر کرنے کے باعث سبھاش رائے بولے کو 6؍سال کے لئے کانگریس پارٹی سے معطل کردیا گیا ہے۔ اس طرح کا مکتوب آج 11؍نومبر کو نانا گاونڈے نائب صدر ‘ انتظامیہ و سنگھٹن‘ کانگریس پارٹی نے جاری کیا ہے۔
یہ مکتوب سبھاش رائے بولے کے نام ہے جس کی ایک کاپی عبدالستار عبدالغفور انچارج صدر ناندیڑ شہر ضلع کانگریس کمیٹی کو بھی دی گئی ہے۔ واضح ہو کہ ناندیڑ حلقہ شمال میں کانگریس اور مہاویکاس اگھاڑی کے نامزد اُمیدوار عبدالستار عبدالغفور ہی ہیں۔
لیکن سنگیتا وٹھل پاٹل خود کو شیوسینا ( اُدھو ٹھاکرے) کی اُمیدوار کی حیثیت سے اپنی انتخابی مہم چلا رہی ہں۔ اس طرح کی شکایت کانگریس پارٹی کی جانب سے کی جارہی ہے۔