November 16, 2024
عشرت حسین بٹ
پونچھ//ضلع پونچھ کی اکثر چھوٹی اور بڑی سڑکوں کی حالت اتنی ابتر ہے کہ عام لوگوں کا ان سڑکوں پر سفر کرنا دن بہ دن مشکل ہو رہا ہے بتا دیں کہ بی جی سے پونچھ اور پونچھ سے منڈی چنڈک اور لورن ساوجیاں علاقوں کو جانے والی تمام سڑکوں کی حالت خستہ ہے بتا دیں کہ ان تمام سڑکوں پر روزانہ سفر کرنے والے مسافروں نے انتظامیہ سے کہا ہے کہ ان تمام سڑکوںکی مرمت نہ ہونے کی وجہ سے ان کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ تعمیراتی ایجنسیوں کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے مسافروں کی پریشانیاں بڑھتی جارہی ہیں ۔منڈی چنڈک اور منڈی لورن ساوجیاں سڑکوں کی خستہ حالت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے روہت میموریل سوسائٹی کے چیئرمین علی محمد میر نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں سے ان سڑکوں کی حالت اتنی ابتر ہے کہ ان سڑکوں پر جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈے پڑے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے سڑکوں پرمسافروں کا سفر کرنا بہت مشکل ہو چکا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ منڈی تا چنڈک سڑک کی حالت اتنی خستہ ہو چکی ہے کہ اس سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کے حصے بھی متاثر ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب رکشا بندھن آتا ہے تب اس سڑک پر انتظامیہ کی جانب سے غیر معیاری تارکول بچھایا جاتا ہے جو کچھ ہی دنوں میں اکھڑ جاتا ہے اور سڑک کی حالت جوں کی توں ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہیں منڈی تا لورن اور منڈی تا ساوجیاں سڑکیں انتہائی خستہ ہو کر آہستہ آہستہ نا قابل استعمال ہوتی جارہی ہیں لیکن متعلقہ حکام اور تعمیر اتی ایجنسیوں کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔دیہی علاقوں میں لنک روڈز جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے گاڑیاں چلانا انتہائی خطرناک ہو گیا ہے۔ بارش کے موسم میں یہ سڑکیں کیچڑ اور گڑھوں سے بھری ہوتی ہیں، جبکہ خشک موسم میں دھول مٹی کے بادل مقامی لوگوں کے لئے وبال جان بن جاتے ہیں۔سڑکوں کی خستہ حالت کی وجہ سے نہ صرف اسکول جانے والے بچوں کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ بیمار افراد کو اسپتال پہنچانا بھی ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ گاڑیوں کی مرمت اور ایندھن کے اضافی اخراجات نے مقامی لوگوں کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔مقامی لوگوںنے انتظامیہ کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متعدد بار حکام کو شکایات درج کروائی گئیں لیکن ان پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔اسی طرح ضلع کے سرنکوٹ اور مینڈھر سب ڈویژن میں بھی رابطہ سڑکیں کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہیں ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ خستہ حال رابطہ سڑکوں کی فہرست تیار کر کے ان کی مرمت کروائی جائے تاکہ عام لوگوں کی دقتیں کم ہو سکیں ۔