November 18, 2024
رمیش کیسر
راجوری//راجوری ضلع کے نوشہرہ سب ڈویژن میں ایک موٹر سائیکل ڈمپر کی زد میں آگیا جس کی وجہ سے موٹر سائیکل پر سوار لڑکی لقمہ اجل بن گئی جبکہ لڑکا شدید زخمی ہو گیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ درشن نگر علاقے میں پیش آنے والے المناک سڑک حادثے میں ایک انیس سالہ نوعمر لڑکی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔اس حادثے کے نتیجے میں کالاکوٹ کے سالار چٹا گاؤں کے رہنے والے رام لال کی بیٹی 19 سالہ شلپا کی موت ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل زیر نمبرJK02BD-1223 سامنے سے آنے والے ڈمپر زیر نمبر JK11D-8195 سے ٹکرا گیا ۔پولیس نے بتایا کہ نوشہرہ کے درشن نگر علاقے میں پیر کی دوپہر کو ایک موٹر سائیکل پر سوار اتش شرما والد سادھو رم شرما سکنہ نونیال اور اس کے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھی شلپاشرما عمر 18 سال سکنہ کالا کوٹ مخالف سمت سے آ رہے ڈمپرسے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے مذکورہ حادثہ رونما ہوا ۔انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل خراب سڑک ہونے کی وجہ سے کھڈے میں گر گیا جس میں پیچھے بیٹھی شلپا شرما موٹر سائیکل سے گر کر ڈمپر کے ٹائر کے نیچے آگئی اور اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ موٹر سائیکل چلا رہا اتش شرما شدید طور پر زخمی ہو گیا دونوں کو ہسپتال لایا گیا جہاں شلپا کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد پولیس نے لاش کو اس کے پریوار کے حوالے کر دیا ہے اور ڈرائیور کے خلاف معاملہ درج کر اُسے گرفتار کر لیا ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔