عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ایک اہم پیش رفت میں چوہ۔ریان والی سڑک کی طویل عرصے سے رکی ہوئی تعمیر، جو کہ نبارڈ اسکیم کے تحت ایک اہم پروجیکٹ ہے، دو سال کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔یہ پیش رفت ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما کی مداخلت کے بعد ہوئی، جنہوں نے سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) تھنہ منڈی، عابد حسین شاہ کو ہدایت کی کہ وہ مسائل کے فوری حل کو یقینی بنائیں اور بغیر کسی تاخیر کے پروجیکٹ کو دوبارہ شروع کریں۔ڈی سی کی ہدایت پر جواب دیتے ہوئے ایس ڈی ایم نے ذاتی طور پر جائے وقوعہ کا دورہ کیا، ان کے ساتھ تحصیلدار تھنہ منڈی مظہر علی شاہ، ایس ایچ او تھنہ منڈی ہلال اظہر، ایکس ای این پی ڈبلیو ڈی اور محکمہ ریونیو کا فیلڈ عملہ بھی موجود تھا۔ٹیم نے ان تنازعات کو حل کیا جنہوں نے پروجیکٹ کی پیش رفت میں رکاوٹ ڈالی تھی اور تعمیراتی کام کو آسانی سے دوبارہ شروع کرنے کے لئے مربوط کوششیں کیں۔ایس ڈی ایم نے پروجیکٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سڑک علاقے کے لئے ایک لائف لائن ہے، اور اس کی تکمیل انتظامیہ کیلئے اولین ترجیح ہے۔ اس کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ہم نے انتھک محنت کی ہے۔ ایس ڈی ایم کی فعال قیادت میں، تنازعات کو خوش اسلوبی سے حل کیا گیا، شکایات کا ازالہ کیا گیا، اور اسٹیک ہولڈر کے خدشات کو مؤثر طریقے سے منظم کیا گیا۔ اس کے فیصلہ کن اقدامات کو مقامی باشندوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے، جنہوں نے اپنے دیرینہ مطالبات پر نئے سرے سے توجہ مرکوز کرنے پر اظہار تشکر کیا۔