November 19, 2024
سرینگر// ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر نے منگل کو نابالغ طلبہ کے گاڑیاں چلانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی صورت میں ایسے طلباء کو گاڑیاں چلاتے ہوئے چاہے وہ موٹر سائیکل ہو یا چار پہیہ گاڑی، اداروں میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔
محکمہ کی طرف سے جاری کردہ سرکلر میں والدین کو بھی اس بارے میں آگاہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا، “یہ ایک سنگین مسئلہ ہے کہ طلبہ میں نابالغ ڈرائیونگ کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں المناک سڑک حادثات پیش آ رہے ہیں اور عوامی تحفظ کو خطرہ لاحق ہے”۔
تمام سکولوں، بشمول نجی و سرکاری اداروں اور کوچنگ مراکز کو کہا گیا ہے کہ وہ سخت نگرانی کریں اور یقینی بنائیں کہ کسی نابالغ طالب علم کو گاڑی چلاتے ہوئے ادارے میں داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔
سرکلر کے مطابق، “گاڑیوں کے ذریعے سکولوں یا کوچنگ مراکز آنے والے طلبہ کو کسی بھی حالت میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے اور ان کے والدین کو مطلع کیا جائے۔ والدین اور سرپرستوں کو اس ہدایت کے بارے میں آگاہ کیا جائے اور ان پر ذمہ داری ڈالی جائے کہ وہ اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں”۔