عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزارت دفاع نے کہاہے کہ سرینگر جموں قومی شاہراہ پر فوجی یا نیم فوجی قافلوں کی نقل و حرکت کے دوران ایمبولینسوں کو کبھی نہیں روکا جاتا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ شہری ٹریفک کو صرف عارضی طور پر سیکورٹی وجوہات کی بنا پر منظم کیا جاتا ہے۔ یہ یقین دہانی لوک سبھا میں وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ نے کرائی۔ نیشنل کانفرنس ایم پی آغا روح اللہ کے ذریعہ اٹھائے گئے ایک سوال کے جواب میں، سیٹھ نے آپریشنل اور انتظامی مقاصدکیلئے ہائی وے پر قافلوں کی باقاعدہ نقل و حرکت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے وضاحت کی، “سیکورٹی وجوہات کی بنا پر اور ماضی میں قافلے پر حملہ/گھات لگا کر حملے جیسے واقعات کو ناکام بنانے کے لیے، کسی بھی سیکورٹی فورسز کے قافلے کی نقل و حرکت سے پہلے روڈ اوپننگ پارٹیوں کو روانہ کیا جاتا ہے۔ ٹریفک کو عارضی طور پر منظم کیا جاتا ہے، خاص طور پر ان پوائنٹس پر جہاںلنک روڑ شاہراہسے ملتے ہیں۔”وزیر دفاع نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فوج شہری گاڑیوں کو ہراساں نہیں کرتی اور نہ ہی روکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا، “ایمبولینسوں کو ہمیشہ نقل و حرکت کے لیے ترجیح دی جاتی ہے اور سیکورٹی فورسز انہیں کہیں نہیں روکتی ہیں” ۔انہوں نے واضح کیا کہ شہری ٹریفک کے ضابطے کا انتظام ریاستی حکام بشمول جموں و کشمیر پولیس کرتے ہیں۔ممبر پارلیمنٹ کے استفسار نے قافلے کی نقل و حرکت کے دوران ہائی وے کے ساتھ متعدد اسٹاپیجز کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ یہاں تک کہ ایمبولینسیں بھی متاثر ہوئی ہیں، جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہوسکتی ہے۔