عظمیٰ نیوز سروس
جموں //محکمہ آرکائیوز ، آثار قدیمہ اور عجائب گھر جموں و کشمیر نے پنچائت بھون جموں میں تاریخی عمارتوں اور یادگاروں کے تحفظ اور بحالی سے متعلق ایک روزہ ورکشاپ اور تربیت کا اہتمام کیا ۔ ورکشاپ کا افتتاح سیکرٹری پبلک ورکس بھوپندر کمار نے کیا ۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد جموں ڈویژن کے نوڈل افسران بشمول اے ڈی ڈی سی کے علاوہ سپرنٹنڈنگ انجینئرز ، ایگزیکٹو انجینئرز اور دیگر ماتحت انجینئروں کو آرکیٹیکچرل کنزرویشن اور ہمارے تعمیر شدہ ورثے کی بحالی کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں آگاہ کرنا ہے اس میں وراثت کے تحفظ کے مختلف تکنیکی پہلوؤں اور جموں اینڈ کشمیر میں آرکیٹیکچر اور ہیریٹیج کی بحالی ، تحفظ اور دیکھ بھال کیلئے ڈی پی آرز کی تشکیل شامل ہے ۔ اس ورکشاپ کا انعقاد عالمی ثقافتی ورثہ ہفتہ کی تقریبات کے دوسرے دن کیا گیا تھا ۔ بھوپندر کمار نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اس طرح کے تربیتی پروگرام کے انعقاد میں محکمہ آرکائیوز ، آرکیالوجی اور میوزیم کی کوششوں کی تعریف کی ۔ ڈائریکٹر آرکائیوز ، آرکیالوجی اینڈ میوزیم نے شرکاء کو اپنے تعمیر شدہ ورثے کے تحفظ اور بحالی کی اہمیت کے بارے میں بتایا ۔