غزہ: غزہ کی پٹی کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں اسرائیل کے دو فضائی حملوں میں کم از کم 15 فلسطینی شہید ہو گئے۔
مقامی ذرائع اور عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے جنوبی غزہ میں خان یونس کے مغرب میں المواسی علاقے میں بے گھر افراد کے کیمپ کو نشانہ بنایا۔
غزہ میں سول ڈیفنس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ اس کے عملے نے طبی ٹیموں کے ساتھ مل کر بچوں سمیت سات متاثرین کی لاشیں نکالی ہیں اور متعدد زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
وسطی غزہ میں النصرت پناہ گزین کیمپ میں العودہ اسپتال نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ خالد بن الولید اسکول پر اسرائیلی حملے میں آٹھ افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج اور اقوام متحدہ کی ایجنسی نے اسکول پر حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ شمالی غزہ کی پٹی کے بیت لاہیا میں صبح سے گولہ باری جاری ہے جس سے کافی نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی بیت لاہیا سے گھنا دھنواں اٹھ رہا ہے اور رہائشی عمارتیں جل رہی ہیں۔
غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 43 ہزار 985 ہو گئی ہے۔