الیکشن کمیشن کے خلاف اور مارکڑواڑی کی حمایت میں این سی پی-ایس پی کا احتجاج
ممبئی: الیکشن کمیشن اور ای وی ایم کے خلاف مارکڑواڑی گاؤں کے جاری احتجاج کی حمایت میں این سی پی- ایس پی کی جانب سے آج پارٹی کے ریاستی دفتر کے سامنے الیکشن کمیشن کے خلاف اور مارکڑواڑی کے عوام کی حمایت میں احتجاج کیا گیا۔ اس احتجاج کی قیادت پارٹی کے او بی سی سیل کے صدر راج راجاپورکر نے کی جبکہ اس موقع پر پارٹی کی مرکزی ترجمان اور سابق ایم ایل اے ودیا چوہان بھی موجود تھیں۔ احتجاج کے دوران مارکڑواڑی کی حمایت میں نعرے بلند کیے گئے۔
حالیہ اسمبلی انتخابات میں مارکڑواڑی سے این سی پی- ایس پی کے ایم ایل اے اُتم جانکر کامیاب ہوئے تھے، لیکن ان کے گاؤں میں انہیں موصول ہونے والے ووٹوں میں بڑی بے ضابطگی پائی گئی۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن سے بار بار مطالبہ کیا گیا کہ دوبارہ انتخابات کرائے جائیں اور یہ انتخابات بیلٹ پیپر کے ذریعے ہوں، لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی مثبت قدم نہ اٹھائے جانے پر بالآخر پارٹی نے اس کے خلاف آج احتجاج کیا۔
اس موقع پر مظاہرین نے ’ہم مارکڑواڑی کے ساتھ ہیں‘، ’سسٹم عوام کے لیے ہے یا عوام سسٹم کے لیے؟‘، ’الیکشن کا عمل شفاف ہونا چاہیے‘، ’عوام کا ووٹنگ پر سے اعتماد ختم ہونا جمہوریت کے لیے خطرناک ہے‘، ’ای وی ایم ہٹاؤ، ملک بچاؤ‘، ’مارکڑواڑی کی عزت کے لیے میدان میں اُترے ہیں‘، اور ’اس نظام کا مقصد کیا ہے؟ عوام کے لیے، عوام کے لیے‘ جیسے نعرے لگائے۔
احتجاج کے دوران خطاب کرتے ہوئے راج راجاپورکر نے کہا کہ مہاراشٹر میں حالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد مارکڑواڑی کے عوام نے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے الکیشن کمیشن کے خلاف کھڑے ہو کر مطالبہ کیا تھا کہ ان کے گاؤں میں دوبارہ بیلٹ پیپر پر انتخابات کرائے جائیں۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو درخواست دی گئی تھی، لیکن کمیشن نے اس درخواست کا جواب نہ دے کر جمہوریت کی توہین کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم مہاوکاس اگھاڑی کے ساتھ مارکڑواڑی کے عوام کی حمایت میں ہیں اور اس مقصد کے لیے استعفیٰ دینے والے ہمارے ایم ایل اے اُتم راؤ جانکر کے ساتھ ہیں۔ آنے والے دنوں میں کانگریس، شیو سینا، این سی پی- ایس پی اور سماج وادی پارٹی کے کارکنان سڑکوں پر اتر کر احتجاج کریں گے۔ اس کے علاوہ ہم اس معاملے کے خلاف ہائی کورٹ میں عرضداشت بھی داخل کریں گے۔
راج راجاپورکر نے کہا کہ اگر کوئی انتخابی عمل کے خلاف آواز اٹھاتا ہے تو یہ ملک کی جمہوریت کے لیے خطرہ بن جاتا ہے۔ اسی لیے اس طرح کے احتجاج اور لانگ مارچ کل نوی ممبئی میں، پرسوں تھانے میں اور پورے مہاراشٹر میں کیے جائیں گے۔ احتجاج کے بعد ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر پر انتخابات کے انعقاد کے مطالبے کا میمورنڈم پیش کرنے کے لیے ہم اور نوی ممبئی سے آنے والے وفد کے اراکین مہاراشٹر کے چیف الیکشن آفیسر کے دفتر جائیں گے۔
اس احتجاج میں این سی پی- ایس پی کی مرکزی ترجمان ودیا چوہان، او بی سی سیل کے صدر راج راجاپورکر اور دیگر سماجی کارکنوں سمیت این سی پی-ایس پی کے کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔