November 19, 2024
یو این آئی
راجگیر/چین نے منگل کو ملائیشیا کو 3-1 سے شکست دے کر ایشیائی خواتین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے ۔ جاری مقابلے کا پہلا سیمی فائنل میچ چین اور ملائیشیا کے درمیان بہار کے راجگیر میں کھیلا گیا۔ کیوچن نے پہلے کوارٹر کے دسویں منٹ میں چین کی جانب سے پہلا گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ دوسرے کوارٹر میں بھی چین نے اپنا غلبہ بڑھاتے ہوئے یکے بعد دیگرے دو گول کیے اور ٹیم نے ملائیشیا پر 3-0 کی بڑی برتری حاصل کر لی۔ دوسرا گول چین کی فان یونشیا نے 17ویں منٹ میں کیا جبکہ تیسرا گول ٹین جن ژانگ نے 23ویں منٹ میں کیا۔ تیسرے کوارٹر میں ملائیشیا کی خیر النساء نے ملائیشیا کی جانب سے پہلا گول کر کے اس برتری کو کم کر دیا۔ تاہم اس کے بعد کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی اور چین نے یہ میچ ایک کے مقابلے تین گول سے جیت لیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ جاپان سے ہوگا۔ اس سے قبل آج پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے لیے کوریا اور تھائی لینڈ کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ اس میچ میں کوریا نے تھائی لینڈ کو 3-0 سے شکست دیکر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ جبکہ تھائی لینڈ ٹورنامنٹ میں آخری نمبر پر رہا۔