محمد تسکین+اشتیاق ملک
بانہال+ڈوڈہ // جموں سرینگر کی پرانی شاہراہ پر بانہال کے چریل علاقے میں بدھ کی صبح پیش آئے سڑک کے ایک حادثے میں زخمی ہونے والا ایک 20سالہ بائیک سوار بدھ کی دوپہر بعد شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سرینگر میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ہے۔ پولیس نے مہلوک نوجوان کی شناخت شعیب احمد تانترے ولد محمد اشرف تانترے ساکن کراوا بانہال کے طور پر کی ہے۔ادھرڈوڈہ کے عسر بلند پور میں سڑک حادثہ میں1شخص ہلاک، خاتون سمیت 8افراد زخمی ہوگئے۔
بانہال
پولیس نے بتایا کہ بانہال کے قریب چریل علاقے میں جواہر ٹنل کے راستے جانے والی پرانی شاہراہ پر ایک ٹینکر سے تصادم کے بعد بائیک سوار زخمی ہوگیا تھا اور اسے شدید زخمی حالت میں بانہال سے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ اور وہاں سےسکمزصورہ سرینگر منتقل کیا گیا تھا جہاں بدھ کی دوپہر بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زخمی نوجوان چل بسا ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ نوجوان ہیلمٹ کے بغیر ہی موٹر سائیکل چلا رہا تھا ۔شعیب تانترے کی موت کی خبر پھیلتے ہی پورے علاقے میں صف ماتم بچھ گئی ہے اور دیر شام پرنم آنکھوں کے ساتھ اسے سپرد خاک کیا گیا۔ اس دوران ٹریفک پولیس نے نے قصبہ بانہال میں بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل اور سکوٹر چلانے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے کئی افراد کے خلاف چالان کئے ہیں ۔
ڈوڈہ
ادھرڈوڈہ ضلع کے عسر بلند پور کٹیاڑا میں پیش آئے سڑک حادثہ میں1شخص ہلاک و خاتون سمیت 8افراد زخمی ہوئے ہیں۔اطلاعات بدھ کی شام عسر بلند پور سڑک پر کٹیاڑا کے مقام پر ایک نجی گاڑی زیر نمبرJk06A-9929حادثہ کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی اور 8افراد زخمی ہوئے ہیں۔اس حادثہ کے فوراً مقامی لوگوں و پولیس ٹیم نے بچاؤ کاروائی شروع کی اور سبھی افراد کو پی ایچ سی عسر منتقل کیا۔اس حادثہ میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت دیویندر کمار ولد دمن چند ساکنہ جھٹاس کے طور پر ہوئی ہے جبکہ سریش کمار، شانو دیوی، بہاری لال، روہت کمار، اوم پرکاش، کملجیت کمار، سنجیو کمار و رویندر کمار زخمی ہوئے ہیں۔پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔