تھانے میونسپل کارپوریشن کے خلاف مظاہرہ
یوم جمہوریہ پر معذور افراد کا نیم عریاں احتجاج
تھانے (آفتاب شیخ)
یوم جمہوریہ کے موقع پر معذور افراد نے اپنے دیرینہ مطالبات کے حل کے لیے تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) کے دفتر کے سامنے نیم عریاں احتجاج کیا۔ آل انڈیا دیویانگ سینا کے کنوینر محمد یوسف محمد فاروق خان کی قیادت میں ہونے والے اس احتجاج میں معذور افراد نے ٹی ایم سی کی غفلت اور ان کے حقوق کو نظرانداز کرنے پر شدید ناراضگی ظاہر کی۔ مظاہرین نے آئین اور معذور افراد کے حقوق ایکٹ 2016 کا حوالہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ میونسپل کارپوریشن ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کریں۔
معذور افراد نے کاروبار کے لیے اسٹال اور بینچ فراہم کرنے، ہٹائے گئے اسٹالوں کی بحالی، 2023-24 اور 2024-25 کے لیے گرانٹس کی تقسیم، پانی اور پراپرٹی ٹیکس میں 50 فیصد رعایت، جعلی معذور ملازمین کی تحقیقات اور محکمہ سماجی ترقی میں بدعنوان اہلکاروں کے خلاف کارروائی جیسے مطالبات پیش کیے۔
احتجاج کے دوران ڈپٹی کمشنر اناگھا کدم اور ایڈیشنل کمشنر پرشانت روڈے نے مظاہرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔
مظاہرین نے انتباہ دیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات چار دن کے اندر پورے نہ کیے گئے تو وہ دوبارہ کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دیں گے۔ یہ احتجاج معذور افراد کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد اور انتظامی غفلت پر روشنی ڈالتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ تھانے میونسپل کارپوریشن ان کے مسائل کو حل کرنے میں کتنی سنجیدگی دکھاتی ہے۔