حیدرآباد: سنگاپور کے کیپٹالینڈ گروپ نے حیدرآباد میں جدید ترین 10 لاکھ مربع فٹ پر مشتمل آئی ٹی پارک تیار کرنے کیلئے 450کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔کیپٹا لینڈ گروپ ایک سرکردہ عالمی رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ اور ڈیولپمنٹ کمپنی ہے۔
یہ نیا پراجکٹ گلوبل کیپبلیٹی سنٹرس(جی سی سی ایز) اور پریمیم سہولیات کی خواہاں بلو چپ کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرے گا۔ حیدرآباد میں کیپٹا لینڈکا پہلے اعلان کردہ 25 میگاواٹ کا آئی ٹی لوڈ ڈاٹا سنٹر 2025کے وسط تک کام کرنا شروع کردے گاجو ہندوستان میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے لیے ایک اہم مرکزکے طور پر حیدرآباد کے ابھرنے میں مدد دیتا ہے۔
انٹرنیشنل ٹیک پارک حیدرآباد (آئی ٹی پی ایچ) کو دوبارہ ترقی کا دوسرا مرحلہ اس سال شروع ہونے والا ہے، جس کی تکمیل 2028 تک متوقع ہے۔کیپٹا لینڈ کے سی ای او گوری شنکر ناگابھوشنم نے کہا، ہم پائیدار اور عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کے لئے اس کے متحرک ماحولیاتی نظام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حیدرآباد میں اپنے نقوش کی توسیع کیلئے پُرجوش ہیں۔
چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے سرمایہ کاری کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور اسے ایک سرکردہ تجارتی اور ٹکنالوجی مرکز کے طور پر حیدرآباد کے موقف کو تقویت دینے میں سنگ میل قرار دیا۔ کیپٹا لینڈحیدرآباد میں تین ممتاز کاروباری پارک چلاتا ہے۔ان میں انٹرنیشنل ٹیک پارک حیدرآباد،ایونس حیدرآباد، اور سائبر پرل شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کیپٹا لینڈ گروپ کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی۔ کیپٹا لینڈ گروپ، دنیا کی سرکردہ انوسٹمنٹ اور ڈیولپمنٹ کمپنی ہے۔ یہ بات چیت حیدرآباد کیلئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ کیپٹا لینڈ کے سینئر اگزیکٹیو ڈائرکٹر منوہر کھیتانی نے 450 کروڑ روپے کے سرمایہ سے شہر حیدرآباد میں 10لاکھ مربع فیٹ اراضی پر ایک عصری آئی ٹی پارک تعمیر کا اعلان کیا۔ اس میٹنگ میں ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو، اسپیشل چیف سکریٹری جیش رنجن اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ اس نئے پروجیکٹ سے گلوبل کیپا بلیٹی سنٹرس (جی سی ایز) کو مدد ملے گی جس کا مقصد حیدرآباد میں پریمیم فیسٹی لیٹی میں بلو چپ کی مانگ کو پورا کرنا ہے۔ چیف منسٹر نے اس سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد کے موقف کو ایک سرکردہ کاروباری اور ٹکنالوجی ہب کے طور پر مزید مستحکم بنانے میں کیپٹا لینڈ گروپ کے فیصلہ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ریاستی وزیر سریدھر بابو نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پروجیکٹ کے بارے میں پر جوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عصری تقاضوں سے لیس آئی ٹی پارک سے نہ صرف حیدرآباد میں انفراسٹرکچر کو فروغ ملے گا بلکہ اس سے روزگار کے بے شمار مواقع دستیاب ہوں گے جس سے نہ صرف مقامی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ افرادی قوت کو بھی سہارا ملے گا۔