November 19, 2024
عظمیٰ نیوز سروس
جموں//وزیر برائے اَمور نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے سینئر فٹ بال ٹیم کو سنتوش ٹرافی میں ان کے آنے والے میچوں کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔ستیش شرما نے اپنے پیغام میں اُمید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر کی ٹیم اس سال فائنل راؤنڈ میں جگہ بنائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ فٹ بال جموں و کشمیر میں سب سے زیادہ مقبول کھیلوں میں سے ایک ہے اور خواہشمند کھلاڑیوںکو احسن طریقے سے گیم پلے کی اجازت دینے کے لئے جلد ہی نظام میں تبدیلی کی جائے گی۔وزیرنے مزید کہا کہ قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں آگے بڑھنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کا ایک بڑا پول تیار کرنے کے لئے سال بھر ہر ضلع میں کوچنگ کیمپ، تربیتی سیشن اور مسابقتی میچز منعقد کئے جائیں گے۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ جموں و کشمیر کو ہماچل پردیش، لداخ اور پنجاب کے ساتھ گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ ٹیم اپنا پہلا میچ 20 ؍نومبر کو پنجاب کے خلاف کھیلے گی۔سکارڈمیں 22 کھلاڑی اور 4 تکنیکی عملے کے ارکان شامل ہیں ، جو اس باوقارقومی ٹورنامنٹ میں جموں و کشمیر کی نمائندگی کرنے کے لئے تیار ہیں۔