November 19, 2024
عاصف بٹ
کشتواڑ//میونسپل کمیٹی کے عارضی صفائی ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال مسلسل جاری رہی جسکے سبب قصبہ بھر میں گندگی کے ڈھیر جمع ہیں اور اب بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ گزشتہ 16روز سے میونسپلٹی کے عارضی ملازمین دفترمیں اپنی مانگوں کو لیکراحتجاج کررہے ہیں۔احتجاجی ملازمین نے بتایا کہ جب تک سرکار و انتظامیہ انکےمطالبات کو حل نہیں کرےگی تب تک احتجاج بدستورجاری رہے گا۔ملازمین نے بتایا کہ محکمہ میں گزشتہ چار دہائیوںسے ملازمین عارضی طور کام کررہے ہیں جبکہ انکے مطالبات کو پورا کرنے کے بجائے انہیں بنیادی حقوق سے محروم رکھا جارہاہے۔انکاکہناتھاکہ انہوںنے اپنی زندگیوں کی پرواہ کے بغیر خدمات مسلسل دن رات محنت کرکے کام انجام دیں لیکن انتظامیہ کو اسکی کوئی پرواہ نہیں اور وہ انہیں مستقل نہیں کررہی ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی برسوںسے انکےمطالبات حل نہیں کئے جارہے ہیںاورانہیںمسلسل احتجاج پر مجبور کیاجارہاہے تاہم احتجاج کی صورت میں انتظامیہ ان پر مقدمہ درج کررہی ہے اورانہیںمقدموں میں پھنسانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔انہوںنے اعلیٰ حکام سے جلد مطالبات پورا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انتبادہ دیا کہ بصورت دیگروہ اپنے بچوں کے ساتھ سڑکوں پر آکر احتجاج کرینگے ۔ملازمین کی ہڑتال کے سبب قصبہ میں جگہ جگہ گندگی کےڈھیر جمع ہوئے ہیںجن سے اب بدبو پھیل رہی ہے۔گرچہ چند مقامات پر مقامی لوگوں نے صفائی عمل میں لائی تاہم بیشتر مقامات پر گندگی کے ڈھیر جمع ہیںاور قصبہ کے گلی کوچوں سے گزرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے جلد کوئی قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا اور قصبہ میں جمع گندگی کو جلد صاف کرنے کا مطالبہ کیا۔