بیروت: لبنانی صدر جوزف عون اور فرانسیسی صدر عمانویل میکروں کے درمیان لبنانی فرانسیسی سربراہی اجلاس بابدہ پیلس میں ختم ہونے کے بعد دونوں صدور نے ایک پریس کانفرنس کی ہے۔
جوزف عون نے اپنے فرانسیسی ہم منصب سے بات چیت میں اس بات پر زور دیا کہ صدر اور وزیر اعظم کے انتخاب کے بعد لبنانی عوام کا اپنی ریاست پر اعتماد واپس آ گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج جمعہ کے دن وہ لبنان پر دنیا کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پریس کانفرنس میں میکرون نے اس بات پر زور دیا کہ لبنان جوزف عون کے صدر کی حیثیت سے صحیح راستے پر گامزن ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی برادری سے لبنان کی مدد کے لیے بالخصوص اس کی تعمیر نو کے لیے کام شروع کرنے کا اعلان کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
میکرون نے یہ بھی وضاحت کی کہ فرانس لبنان کے ساتھ مل کر بلیو لائن پر سرحد کی حد بندی کے لیے کام کرے گا۔ لبنانی فوج کو تربیت دی جائے گی۔ اس تربیت کا آغاز 500 فوجیوں سے ہوگا۔
لبنان کے نئے صدر کے انتخاب کے بعد کسی غیر ملکی سربراہ مملکت کا یہ پہلا دورہ تھا۔ اس دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور خود مختاری، استحکام اور اقتصادی اصلاحات کے شعبوں میں لبنان کے لیے فرانس کی مسلسل حمایت پر زور دینا تھا۔