November 19, 2024
عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
واشنگٹن// نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیکیورٹی ٹیم میں ان کی حفاظت کے لیے ‘روبوٹ کتا’ تعینات کیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق دوسری مدت کے لیے امریکہ کے صدر منتخب ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ کی سیکیورٹی کے لیے منفرد نوعیت کے انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ٹرمپ نے اپنے حفاظتی دستے میں ایک روبوٹک کتا بھی شامل کر لیا ہے ، یہ روبوٹک کتا انسانوں ہی کی طرح ریسپانس دیتا ہے ، بوسٹن ڈائنامکس نامی کمپنی کا تیار کردہ یہ ہائی ٹیک روبوٹک کتا ڈونلڈ ٹرمپ کی مار اے لاگو اسٹیٹ کی حفاظت کے لیے رکھا گیا ہے ۔اس روبوٹ کتے کو نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فلوریڈا کے پام بیچ میں مار اے لاگو ریزورٹ کے اطراف میں گشت کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے ، پھرتی، متعدد کیمروں اور تھرمل سینسرز سے لیس اس کتے کی قیمت 75 ہزار ڈالر ہے ۔اس ‘کتے ’ کا نام اسپاٹ ہے ، یہ روبوٹ کتا اوپر اور نیچے سیڑھیاں چل سکتا ہے ، خود کو تنگ جگہوں میں سکیڑ کر نکال سکتا ہے ، اور دروازے بھی کھول سکتا ہے ، یہ کئی سیکیورٹی کیمروں سے لیس ہے اور اپنے ارد گرد کے تھری ڈی نقشے بنا سکتا ہے ۔واضح رہے کہ جب سے انتخابی جلسے میں ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے ، تب سے انھیں خصوصی سیکیورٹی دی جا رہی ہے ، اور وہ ہمیشہ ہائی الرٹ رہتے ہیں، اگلا صدر منتخب ہونے کے بعد ان کی سیکیورٹی میں بے پناہ اضافہ کیا جا چکا ہے ۔