November 19, 2024
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//انکم ٹیکس (آئی ٹی) محکمہ، سرینگر نے کل راجباغ میں اپنے دفتر میں ٹیکس دہندگان تک ان کی دہلیز پر پہنچنے اور ٹیکس دہندگان کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے ایک آؤٹ ریچ پروگرام کا انعقاد کیا۔ امراپالی داس، پرنسپل چیف کمشنر آف انکم ٹیکس (پرنسپل سی سی آئی ٹی)، شمال مغربی خطہ بشمول جموں و کشمیر اور لداخ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے پروگرام کے ایک حصے کے طور پر 75سے زائد ٹیکس پریکٹیشنرز، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے تبادلہ خیال کیا۔پرنسپل سی سی آئی ٹی، این ڈبلیو آر نے شرکاء کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ملک کی مجموعی ترقی میں حصہ ڈالنے کے لیے ایمانداری سے ٹیکس ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے آئی ٹی محکمہ نے رضاکارانہ ٹیکس کی تعمیل کی حوصلہ افزائی اور ریٹرن فائل کرنے میں ٹیکس دہندگان کے بوجھ کو کم کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے قابل اعتماد اقدامات کیے ہیں۔پرنسپل سی سی آئی ٹی نے تشخیص کی کارروائی کے سلسلے میں بتایا کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ ٹیکس دہندگان کو مناسب موقع فراہم کرنے کے بعد جائزے اور منصفانہ انداز میں ٹیکس کی تشخیص کیے جا رہے ہیں۔ .انٹرایکٹو سیشن کے دوران محکمہ انکم ٹیکس کے دیگر سینئر افسران بشمول محکمہ انکم ٹیکس کے پرنسپل کمشنر برائے جموں وکشمیر اور لداخ شری وکرم سہائے، محکمہ انکم ٹیکس کے ایڈیشنل کمشنر جموں شری راجیو گبگوترا ، محکمہ انکم ٹیکس کے ایڈیشنل کمشنر لدھیانہ شری ڈگ وجے چودھری اور محکمہ انکم ٹیکس سرینگر کے جوائنٹ کمشنر شری راہل پادھا بھی موجود تھے۔