عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ کے سیاسی مشیر ناصراسلم وانی نے بدھ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں موجودہ گڑبڑ کیلئے پی ڈی پی ذمہ دار ہے جس کی وجہ سے جموں و کشمیر میں دفعہ370 اور 35اے کو منسوخ کیا گیا۔ناصر اسلم نے یہ بات شہر خاص میں پی ڈی پی کے اس دعوے کہ ’ نیشنل کانفرنس آرٹیکل370 کی بحالی کے بارے میں کوئی قرارداد لانے میں ناکام رہی ہے‘کے جواب میں میڈیا والوں کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔انہوںنے جموں و کشمیر کے وزیر ستیش شرما اور ممبراسمبلی تنویر صادق کے ساتھ ٓابی گرپورہ رعناواری میںآتشزدگی متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ناصر اسلم نے کہاکہ اگر پی ڈی پی نے2014 میں بی جے پی کی حمایت نہ کی ہوتی تو آرٹیکل 370 اور 35A کو منسوخ نہیں کیا جاتا۔انہوںنے مزید کہا کہ نہ ہی لوگوں نے جموںو کشمیر میں گزشتہ دس سال کی تباہی دیکھی ہوتی ۔ناصروانی نے کہا کہ لوگ پی ڈی پی کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ منشور میں جو بھی وعدے کیے ہیں وہ حقیقت میں پورے ہوں گے۔وزیر اعلیٰ کے سیاسی مشیرکاکہناتھاکہ پی ڈی پی نے 2008، 2010 میں غلط سیاست کی اور 2016 میں انہیں شکست ہوئی۔ پی ڈی پی لوگوں کے ذہنوں میں کنفیوڑن پیدا کرکے انہیں غلط راستے پر ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ پی ڈی پی نے ہمیشہ تباہ کن سیاست کی ہے اور آج بھی کر رہی ہے۔وزیر اعلیٰ کے سیاسی مشیر ناصراسلم وانی نے کہاکہ حکومت نے شاید ہی ایک مہینہ پورا کیا ہو جسے پی ڈی پی ہضم نہیں کر پا رہی ہے۔ وہ اس تباہی کو نہیں دیکھ رہے جو انہوں نے اپنے دور حکومت میں کی تھی۔