November 19, 2024
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر نے منگل کو نابالغوں کی ڈرائیونگ کو ایک سنگین تشویش قرار دیتے ہوئے سکولوں اور کوچنگ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ ان طلبا ء کے داخلے پر پابندی عائد کریں جو خود گاڑی چلاتے ہیں۔ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے”کشمیر ڈویژن میں کام کرنے والے تمام سکولوں (سرکاری/پرائیویٹ،تسلیم شدہ)اور کوچنگ سینٹرز کو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کڑی نظر رکھنے کے لیے سخت ہدایات دی جاتی ہیں کہ کسی بھی طالب علم (نابالغ)کو کسی بھی موٹر گاڑی بشمول ٹو وہیلر یا فور وہیلرچلاتے ہوئے ادارے میں آنے کی اجازت نہ ہو‘‘ ۔اس نے اداروں کے سربراہوں کو مزید ہدایت کی کہ وہ گاڑیاں چلا کر یا دو پہیہ گاڑیوں پر سوار ہو کر سکولوں یا کوچنگ سینٹرز میں آنے والے کسی بھی طالب علم کو داخلے کی اجازت نہ دے کر ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد کریں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے”والدین اور سرپرستوں کو اس ہدایت اور تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے ان کی ذمہ داری کے بارے میں آگاہ کیا جانا چاہیے،” ۔محکمہ تعلیم نے تعلیمی اداروں کو آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔بیان کے مطابق”بیداری پیدا کرنے کے لیے سکولوں میں تمام روڈ سیفٹی اور سکول سیفٹی کلبوں کو فعال کریں،” ۔محکمہ تعلیم نے سکولوں سے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر بیداری پروگرام منعقد کرنے کو بھی کہا تاکہ طلبا اور والدین کو موٹر وہیکل ایکٹ کے مطابق کم عمر ڈرائیونگ کے خطرات اور قانونی نتائج کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔محکمہ نے کہا کہ سکولوں کو چاہیے کہ وہ پیرنٹ ٹیچر میٹ کا انعقاد کریں تاکہ موٹر گاڑیاں چلانے والے نابالغ بچوں سے عوامی تحفظ کے خطرات کو اجاگر کیا جا سکے۔بیان میں”والدین اور سرپرستوں کو مشورے جاری کریں، نابالغوں کو گاڑی چلانے کی اجازت دینے کے لیے ان کی قانونی جوابدہی اور عدم تعمیل کے سنگین نتائج پر زور دیتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں اداروں کے سربراہان کی طرف سے کسی قسم کی کوتاہی مناسب قانونی کارروائی کی دعوت دے گی‘‘۔مزید برآں، اس ہدایت کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو قابل اطلاق ضوابط کے مطابقرجسٹریشن واپس لینے یا منسوخی کا سامنا کرنا پڑے گا اور اداروں کے سربراہان اور عملے کے خلاف سخت کارروائی شروع کی جائے گی۔