زمینی حقائق کا جائزہ ، کوتاہیوں کی نشاندہی اور موقعہ پرہی فیصلے
پونچھ// سرحدی علاقے میں زمینی حقائق کا مطالعہ کرنے کے ایک آئوٹ ریچ پروگرام میں، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو اپنی کابینہ کے وزرا کے ساتھ پونچھ کا دورہ کیا اور کہا کہ انتخابات کے بعد منتخب حکومت زمینی حقائق کا جائزہ لینے کی کوششیں کر رہی ہے۔عبداللہ نے کہا کہ عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی گئی ہے اور انہیں ترقیاتی کاموں سے متعلق کسی بھی کوتاہیوں کو دور کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے نامہ نگاروں کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا”آج، پونچھ آنے کا ہمارا مقصد انتخابات کے بعد زمینی حقائق کا ادراک کرنا تھا۔ جموں(خطے) میں یہ پہلا ضلع ہے جہاں ہم نے عہدیداروں، ایم ایل ایز اور ڈی ڈی سی کے چیئرپرسن سے ملاقات کی‘‘۔عبداللہ نے نامہ نگاروں کو بتایا، “ہم نے نچلی سطح کی ترقی اور مسائل کا جائزہ لیا اور افسران اور مقامی نمائندوں دونوں کی بات سنی۔”پونچھ کے اپنے دورے کے دوران، انہوں نے سرحدی ضلع میں ترقیاتی کاموں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے تمام محکموں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ڈاک بنگلہ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی۔انہوں نے کہا، “کچھ معاملات پر افسران کو جوابدہ بنایاگیا‘‘۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے عوام کے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں کیونکہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کے منتخب ہونے کے بعد عوام تک پہنچیں۔ ہم نے 24 وفود سے ملاقات کی۔عبداللہ کے ساتھ نائب وزیر اعلی سریندر کمار چودھری، ان کی وزرا کی کونسل کے اراکین اور اعلی حکام ایک آئوٹ ریچ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر تھے جس کا مقصد دیہی اضلاع میں حکومت کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچانا تھا۔انہوں نے کہا، “ہم نے عوام کی طرف سے نچلی سطح پر پیش کردہ مسائل کے بارے میں زمینی ہدایات جاری کی ہیں۔” عمر عبداللہ نے ایگزٹ پول کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہاکہ ماضی قریب میں جتنے بھی ایگزٹ پول سروے کئے گئے وہ صحیح ثابت نہیں ہوئے۔انہوں نے کہاکہ مجھے یہ سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ میڈیا ادارے ایگزٹ پول کمپنیوں پر پیسے کیوں لٹا رہے ہیں۔وزیر اعلی نے کہاکہ پونچھ میں میٹنگ کے دوران عوام کے چنے ہوئے نمائندوں نے بھی شرکت کی جنہوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل ابھارے۔عمر عبداللہ نے کہاکہ سینئر آفیسران سے بات چیت کے دوران کئی معاملات کو موقع پر ہی حل کیا گیا۔ان کے مطابق لوگوں کی چنی ہوئی حکومت کا یہ فرض بنتا ہے کہ عوام الناس سے قریبی تال میل کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ دن بھر پونچھ میں 24عوامی ڈیلی گیشن سے ملاقات کے دوران مسائل کو حل کرنے کی یقینی دہانی کرائی گئی۔