دہشت گردی سے پاک ماحول میں ہی پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کئے جا سکتے ہیں: وزیر دفاع

4 hours ago 1

September 22, 2024

یو این آئی

جموں// بھارت اپنے تمام پڑوسی ممالک بشمول پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ اگر پاکستان گرانٹی دے کہ وہ دہشت گردی کوختم کرئے گا تو ہم پاکستان کو گلے لگانے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سکون سے رہنا ہے تو پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات ناگزیر ہے ، ہم پاکستان کے ساتھ بھی بہتر تعلقات چاہتے ہیں لیکن وہ دہشت گردی کو بڑھاوا دے رہا ہے تو اس طرح کی صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کیسے تعلقات استوار کئے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کانگریس ، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی جموں وکشمیر میں پاکستان کے ایجنڈے کو چلانا چاہتی ہیں لیکن بی جے پی انہیں اس کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔
ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے کوٹرنکہ راجوری میں ایک چناوی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں دس سال کے بعد چناو ہو رہے ہیں اور اس مرتبہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پہلے مرحلے پر اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق پہلے مرحلے پر 61فیصد ووٹنگ ہوئی جوکہ خوش آئند بات ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا :’جموں وکشمیر کے لوگوں نے دنیا کو پیغام دیا کہ مرکزی زیر انتظام علاقہ تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور یہاں کے لوگوں نے جمہوریت کا جھنڈا بلند کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر میں جمہوریت کو پروان چڑھتے ہوئے پاکستان کے پیٹ میں درد شروع ہو چکا ہے ۔ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے دفعہ 370کی بحالی کو لے کر این سی کانگریس کے موقف کی تائید کی ہے۔
راجناتھ سنگھ نے کہا :’جس طرح سے پاکستان نے پلوامہ اور سرجیکل اسٹرائیک کو لے کر ثبوت مانگیں یہی مطالبہ کانگریس اور نیشنل کانفرنس کا بھی رہا ہے۔ گلوان کو لے کر بھی ان ہی لوگوں نے سوالات اٹھائے ۔ ‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ دراصل نیشنل کانفرنس اور کانگریس یہاں پر پاکستان کا ایجنڈا چلانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے، پاکستان کا ناپاک ایجنڈا جموں وکشمیر کے لوگ چلنے نہیں دیں گے۔ ‘
وزیر دفاع نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں نے کافی قربانیاں دیں ہیں، دہشت گردی نے لوگوں کی زندگیاں تباہ کیں لیکن اب وقت آگیا ہے کہ یہاں کے لوگ نئے جموں وکشمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی خاطر بی جے پی امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔
پاکستان کو کنگال ملک قرار دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہاکہ پڑوسی ملک کو کھانے کے لالے پڑ گئے ہیں اور اس سے اپنا ملک نہیں سنبھل رہا وہ بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے سے باز نہیں آر ہا ہے۔
راجناتھ سنگھ نے کہا پاکستا ن معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کی خاطر دنیا بھر میں کشکول لے کر بھیک مانگ رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ ایک پرانی کہاوت ہے کہ سانپوں کو پالنے کا انجام ہمیشہ برا رہتا ہے یہی پاکستان نے کیا اب وہ اس کا خمیازہ بھگت رہا ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا ہم جموں وکشمیر سے دہشت گردی کو پوری طرح سے ختم کرکے ہی دم لیں گے۔
کانگریس ، نیشنل کانفرنس پر جموں وکشمیر کے لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہاکہ اگر انڈیا اتحاد کی یہاں پر خدانہ خواستہ سرکار بنے گی تو وہ کچھ بھی نہیں کر پائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اسمبلی انتخابات کے فوری بعد ریاستی درجہ بھی بحال کیا جائے گا۔
کانگریس پر جھوٹ کی سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ راہل گاندھی امریکہ میں بھارت کے خلاف بیانات دے رہے ہیں جو کہ برداشت سے باہر ہے۔
انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر کانگریس بھارت کو بدنام کر رہی ہیں لیکن وقت آگیا ہے کہ ملک کے لوگ اس کا جواب دیں ۔
ان کے مطابق بی جے پی اگر جموں وکشمیر میں سرکار بنانے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو ہم نئے جموں وکشمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیربنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔
دفاعی وزیر نے کہا کہ جموں وکشمیر کے حوالے سے مرکز ی سرکار نے جو فیصلے لئے وہ ثمر آور ثابت ہو رہے ہیں، دفعہ 370کی منسوخی سے جموں وکشمیر میں امن وامان واپس لوٹ آیا۔
انہوں کے کہاکہ ماضی میں لالچوک میں کوئی جھنڈا نہیں لہرا سکتاتھا لیکن اس وقت کشمیر وادی کے چپے چپے پر ترنگا لہرا رہا ہے۔
جموں وکشمیر کو ٹورازم کامرکز بنانے کا عزم دہراتے ہوئے وزیر دفاع نے کہاکہ کانگریس نے جموں وکشمیر کو دہشت گردی کا مرکز بنایالیکن ہم نے اس کو ٹورازم کی آماجگاہ میں تبدیل کیا ہے جس سے یہاں کے لوگوں کو روزگار کے وسائل دستیاب ہوئے۔
ان کے مطابق سال 2022سے ابتک سری نگر میں پتھر بازی کا ایک بھی واقع رونما نہیں ہوا۔ راج ناتھ سنگھ کے مطابق سابقہ حکومت میں جب وزیر داخلہ تھا تو وادی کشمیر میں کمسن بچوں کے خلاف درج سبھی کیسوں کو واپس لیا ۔
راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ وادی کشمیر کے حالات بہتری کی جانب گامزن ہے کیونکہ یہاں کے لوگوں نے روایتی سیاسی پارٹیوں کے منصوبوں کو ناکام بنادیا ہے۔

*** Disclaimer: This Article is auto-aggregated by a Rss Api Program and has not been created or edited by Nandigram Times

(Note: This is an unedited and auto-generated story from Syndicated News Rss Api. News.nandigramtimes.com Staff may not have modified or edited the content body.

Please visit the Source Website that deserves the credit and responsibility for creating this content.)

Watch Live | Source Article