عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلی سریندر کمار چودھری نےجتندر سنگھ لکی کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کی، جس میں ضلع گردوارہ پربندھک کمیٹی کٹھوعہ کے ممبران اور سرکردہ سکھ برادری کے رہنما تھے۔وفدنے اپنی اپیل بختہ کٹھوعہ میںتاریخی گرودوارہ پرچرن کمال صاحب پر مرکوز کی ۔گرو نانک دیو جی سے منسلک گرودوارہ بہت زیادہ روحانی اور تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔وفد نے اس مقدس مقام کی بحالی، تحفظ اور دیکھ بھال کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ وفد نے ڈپٹی چیف منسٹر پر زور دیا کہ وہ اس تاریخی مقام کی بحالی کی سکیموں پر عمل آوری کو ترجیح دیں اور اس عمل میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔نائب وزیر اعلیٰ نے وفد کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات کو تسلیم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت جموں و کشمیر کی تعمیراتی اور ثقافتی وراثت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گرودوارہ چرن کمال صاحب کی ضروریات کا جائزہ لے گی اور اس کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کرے گی۔نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے وقف ہیں کہ یہ تاریخی گرودوارہ ثقافتی اور روحانی فخر کی علامت کے طور پر اپنا صحیح مقام حاصل کر لے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گرودوارہ چرن کمال صاحب جیسی تاریخی یادگاروں کا تحفظ نہ صرف سکھ برادری کے لیے بلکہ جموں و کشمیر کے شاندار ثقافتی ورثے کی نمائش کے لیے بھی ضروری ہے۔