کانگریسی حکومتوں کے خلاف گمراہ کان اشتہارات شائع کروانے پر
کانگریس کا الیکشن کمیشن سے شکایت، بی جے پی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
ممبئی:آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے میڈیا اور پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا نے بی جے پی پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے کرناٹک اور تلنگانہ میں کانگریس کی طرف سے دی گئی عوامی ضمانتوں پر عمل درآمد نہ ہونے کے حوالے سے جھوٹے اور گمراہ کن اشتہارات جاری کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے جان بوجھ کر کانگریس کے خلاف پروپیگنڈا کیا ہے، حالانکہ دونوں ریاستوں میں کانگریس کی طرف سے دی گئی تمام ضمانتیں پوری کی جا چکی ہیں۔ پون کھیڑا نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے اور ایف آئی آر درج کرائی جائے۔
کانگریس کے ایک وفد نے ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر سے ملاقات کی اور بی جے پی کے خلاف ایک باضابطہ شکایت درج کروائی۔ وفد میں پون کھیڑا کے ساتھ ریاستی کانگریس کے چیف ترجمان اتل لونڈھے، مہاراشٹر میڈیا انچارج سریندر راجپوت، چینیکا اونیال، سچن ساونت، چرنجیت سنگھ سپرا اور قانون کے شعبے کے ریاستی صدر ایڈووکیٹ روی جادھو بھی شامل تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پون کھیڑا نے کہا کہ بی جے پی نے مہاراشٹر کے بڑے اخبارات میں کانگریس کے خلاف جھوٹے اشتہارات شائع کیے ہیں، جس میں یہ جھوٹا دعویٰ کیا گیا ہے کہ کانگریس نے اپنی ضمانتوں پر عمل درآمد نہیں کیا۔
پون کھیڑا نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ کانگریس کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر بی جے پی کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کی جانب سے ایسے اقدامات انتخابات میں شکست کے خوف میں اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام میں گمراہی پیدا کرنے کے لیے جھوٹے اشتہارات کی اشاعت بی جے پی کا ایک اوچھا ہتھکنڈہ ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈرراہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا پر الزام لگایا تھا کہ اس میں 133 سخت گیر تنظیمیں شامل تھیں۔ ان کے اس الزام کا جواب دیتے ہوئے اتل لونڈھے نے کہا کہ بی جے پی کو انتخابات میں اپنی شکست واضح نظر آ رہی ہے اور اسی بنا پر وہ اس قسم کی بے بنیاد باتیں کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی عوامی مسائل جیسے دلتوں، قبائلیوں، غریبوں، خواتین، کسانوں اور نوجوانوں کے مسائل سامنے آتے ہیں تو بی جے پی ایسے بیانات کے ذریعے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کرتی ہے۔
اتل لونڈھے نے مزید کہا کہ ماضی میں لوک سبھا انتخابات کے دوران وزیر اعظم کو جان سے مارنے کی مبینہ دھمکی کی خبر سامنے آئی تھی، لیکن بعد میں یہ بات ثابت ہوئی کہ دھمکی ای میل ہیکنگ کے ذریعے بھیجی گئی تھی۔ اتل لونڈھے نے کہا کہ بی جے پی کو اپنی شکست صاف نظر آ رہی ہے، اور اسی وجہ سے دیویندر فڑنویس کی ذہنی حالت بگڑتی جا رہی ہے۔ اتل لونڈھے نے کہا کہ اس قسم کے بیانات سے عوام میں بے چینی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن کانگریس کا ماننا ہے کہ عوام اس پروپیگنڈا کو رد کرتے ہوئے صحیح فیصلہ کریں گے۔