November 18, 2024November 18, 2024
اننت ناگ// منشیات کے خلاف جنگ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اننت ناگ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 1.5 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔
ایک بڑے قدم کے تحت پولیس تھانہ مٹن نے اعظم خان محلہ کے رہائشی افروز احمد بھٹ ولد غلام حسن کا 80 لاکھ روپے مالیت کا ایک منزلہ رہائشی مکان ضبط کر لیا۔ بھٹ ایک مستقل مجرم ہے اور اس کے خلاف منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہونے کے کئی مقدمات درج ہیں۔
اسی طرح، پولیس تھانہ سری گفوارہ نے کے کلان، سری گفوارہ کے رہائشی پیر آصف احمد شاہ اور پیر توصیف احمد شاہ کے 70 لاکھ روپے مالیت کے تین تجارتی دکانیں ضبط کیں۔ دونوں بھائی مختلف این ڈی پی ایس مقدمات میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اننت ناگ پولیس کی یہ کارروائیاں منشیات کے خطرناک پھیلاؤ کو ختم کرنے اور اس کے نیٹ ورک کو توڑنے کے عزم کی عکاس ہیں۔ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت جائیدادوں کی ضبطی سے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو ایک مضبوط پیغام جاتا ہے کہ منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں شامل افراد کے لیے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔