November 18, 2024
محمد بشارت
کوٹرنکہ // بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) بدھل یونٹ نے کوٹرنکہ میں ایک ممبرشپ ڈرائیو سمیلن کا کامیابی سے انعقاد کیا، جس کا مقصد پارٹی کی بنیاد کو مضبوط کرنا اور نچلی سطح کے کارکنوں کی فعال شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس تقریب میں بی جے پی کارکنان کا ایک پرجوش اجتماع دیکھنے میں آیا اور اس میں بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق کابینہ وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے شرکت کی چوہدری ذوالفقار علی نے اپنے خطاب میں نیشنل کانفرنس (این سی) پر جموں و کشمیر کے عوام سے انتخابی مہم کے دوران کئے گئے وعدوں کو پورا نہ کرنے پر تنقید کی۔ این سی کے انتخابی وعدوں جیسے مفت ایل پی جی سلنڈر کی فراہمی، مفت بجلی، اور دفعہ 370 کی بحالی پر روشنی ڈالتے ہوئے، انہوں نے پارٹی پر زور دیا کہ وہ کھوکھلی بیان بازی سے عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے ان یقین دہانیوں کو پورا کرے۔ریاستی حیثیت کی بحالی پر بات کرتے ہوئے، ذوالفقار علی نے ریمارکس دیئے کہ ’ریاست کی بحالی کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کا جموں و کشمیر کے باشندوں سے وابستگی ہے۔ بی جے پی خلوص اور شفافیت کے ساتھ لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے کے لئے وقف ہے۔پروگرام کی صدارت سینئر بی جے پی لیڈر اور ضلع جنرل سکریٹری بی جے پی راجوری منظور احمد نائک نے کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائک نے بدھل اسمبلی میں کچھ بدعنوان عہدیداروں کے ذریعہ بی جے پی کارکنوں کو ہراساں کئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے انہوں نے ایسے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری اور خلوص کے ساتھ انجام دیں۔نائک نے کارکنوں کو نئے اراکین کے اندراج کے طریقوں کے بارے میں بھی تفصیلی رہنمائی فراہم کی اور 6 دسمبر تک رکنیت مہم کے مقاصد کو حاصل کرنے کا واضح ہدف مقرر کیا۔بی جے پی کے سینئر لیڈر دیو راج شرما نے بھی اجتماع سے خطاب کیا، مہم کے مقاصد کو مؤثر طریقے سے حاصل کرنے کے لئے بصیرت اور عملی حکمت عملی کا اشتراک کیا۔ شرما نے اجتماع پر زور دیا کہ وہ پارٹی ہائی کمان کی طرف سے مقرر کردہ رکنیت کے ہدف کو جلد از جلد آن لائن اور آف لائن موڈ کے ذریعے ضرورت کے مطابق حاصل کرنے کے لیے تندہی سے کام کریں۔